چین میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب سے 18 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 17 جولائی 2017
امدادی سرگرمیوں کے لیے 32 ہزار اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

امدادی سرگرمیوں کے لیے 32 ہزار اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی / فائل

بیجنگ: چین میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 18 لاپتہ ہو گئے جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے چین کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ صوبہ جنلن کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ صوبے کے ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ امدادی سرگرمیوں کے لیے 32 ہزار اہلکاروں کو متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چین میں رواں برس آنے والے سیلابوں کی وجہ سے درجنوں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، گزشتہ ہفتے وسطی چین میں بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 63 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 16 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔ اس کے علاوہ رواں ماہ کے آغاز میں جنوبی صوبے گوانگ شی میں بھی سیلابی ریلے میں بہہ کر متعدد افراد ہلاک اور لاپتہ ہو گئے تھے جبکہ ہزاروں مکانات تباہ بھی ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔