ذوالفقار آباد ٹرمینل میں 2375 آئل ٹینکر پارک کرنے کی سہولت فراہم

اسٹاف رپورٹر  منگل 18 جولائی 2017
حکومت سندھ اورایس بی سی اے مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے،میئر کراچی۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ اورایس بی سی اے مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے،میئر کراچی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آئل ٹینکرز کو سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل پر منتقل کرنے کا کام فوری شروع کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام تر اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

پاکستان اسٹیٹ آئل کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کے زیر انتظام آئل ٹینکرز کو جلد ازجلد ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل منتقل کردیا جائے،یہ بات انھوں نے سیکریٹری داخلہ حکومت سندھ قاضی شاہد پرویزکے دفتر میں منعقد ہونے والے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

مشیر مالیات کے ایم سی خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹرمختار حسین ، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، پی ایس او کے افسران اس موقع پر موجود تھے،میئرکراچی نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں جو ترقیاتی کام رہ گئے ہیں انھیں تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے اور وہ تمام سہولیات پہنچائی جائیں جس کی وہاں ضرورت ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکام کے مطابق اندرون شہر سے آئل ٹینکرزکی پارکنگ کے خاتمے کے لیے ذوالفقار آباد میں آئل ٹینکرز ٹرمینل قائم کیا گیا ہے جس کے لیے کے ایم سی نے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں،مختلف مقامات پر آئل ٹینکرز کی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک میں پڑنے والے خلل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلیے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میںآئل ٹینکرز کی مکمل طور پر منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل ہونا چاہیے، انھوں نے کہا کہ یہ شہرکا پرانا مسئلہ ہے اب اسے حل ہونا چاہیے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں 2375آئل ٹینکرز پارک کی سہولت مہیا کی گئی جبکہ 10ہزار افراد کے لیے مختلف قسم کا انفراسٹرکچر بنایا گیا ہے اس ٹرمینل میں 128 بیت الخلاء ، پولیس چوکی،ٹائر شاپس، مساجد، وضو خانے،ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور ڈرائیورز کے آرام کرنے کے لیے جگہ بھی مختص کی گئی ہے یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 120 ایکڑ رقبہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ اور 30 ایکڑ رقبہ دیگر سہولیات کے لیے مخصوص کیا گیا۔

سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے یقین دلایا کہ سپریم کورٹ کے احکام پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،علاوہ ازیں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شہر میں بارشوں کے پیش نظر مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔