حج تربیتی کیمپ شروع، کراچی سے 16 ہزار عازمین سعودیہ جائیں گے

ناصر الدین  منگل 18 جولائی 2017
حج تربیتی کیمپ کے دوران عازمین حج کو ویکسین لگائی جارہی ہیں،پہلی حج فلائٹ 24 جولائی کو روانہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

حج تربیتی کیمپ کے دوران عازمین حج کو ویکسین لگائی جارہی ہیں،پہلی حج فلائٹ 24 جولائی کو روانہ ہوگی۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  حاجی کیمپ کراچی میں حج تربیتی کیمپ شروع ہوگیا، عازمین حج کو ویکسین لگائی جارہی ہیں، کراچی سے 54 ہزار عازمین فریضہ حج کی لیے روانہ ہوں گے، پہلی حج فلائٹ 24 جولائی کو کراچی سے روانہ ہوگی۔

حاجی کیمپ کراچی میں حج تربیتی کیمپ شروع ہوگیا ہے مردوں کے لیے مسجد میں اور خواتین کے لیے ہال میں حج تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے روزانہ 1500 خواتین اور مرد ان تربیتی کیمپوں میں حج کی تربیت حاصل کر رہے ہیں ،حج تربیتی کیمپ 19 جولائی تک جاری رہے گا۔

ڈائریکٹر حج کراچی سید امتیاز علی شاہ نے اپنے دفتر میں ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عازمین حج کی رہنمائی کے لیے اسکاؤٹس موجود ہیں حاجی کیمپ میں عازمین حج کو صبح10 بجے سے شام 4 بجے تک گردن توڑ بخار کی ویکسین لگائی جارہی ہیں حج فلائٹ سے10روز قبل ویکسی نیشن ضروری ہے حاجی کیمپ میں روزانہ تقریبا 2ہزار افراد کو ویکسی نیشن لگائی جارہی ہیں فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے روانگی سے قبل چودہ افراد کا گروپ بنایا گیا ہے۔

سید امتیاز علی شاہ نے کہا کہ مسجد میں حج تربیتی کیمپ میں ائیرکنڈیشن لگایا گیا ہے تاکہ عازمین حج گرمی سے محفوظ رہ سکیں انھوں نے کہا کہ حفاظتی انتظامات کی وجہ سے اس سال عازمین حج کو گاڑیاں حاجی کیمپ کے اندر لانے کی اجازت نہیں ہے اس لیے حاجی کیمپ کے باہر سے بزرگ اور ضعیف عازمین حج کو حاجی کیمپ کے اندر پہنچانے کیلئے خصوصی وین کا بندوبست کیا گیا ہے بجلی کی دستیابی کیلیے اسٹینڈ بائی جنریٹر کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹرحج نے بتایا کہ کراچی سے پہلی حج فلائٹ 24 جولائی کو روانہ ہوگی کراچی میں سعودی قونصلیٹ سے کراچی، سکھر، ملتان، رحیم یارخان سمیت مختلف شہروں سے کل 54 ہزارعازمین حج کے ویزے لگیں گے ان میں سے 21 ہزارسرکاری اسکیم اور 28 ہزار8 سو 92 پرائیویٹ اسکیم سے فریضہ حج کیلیے روانہ ہونگے، انھوں نے بتایا کہ کراچی کے مقامی کل 16 ہزار عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے روانہ ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔