کراچی میں خستہ حال عمارت گرنے سے 5 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 18 جولائی 2017

 کراچی: لیاقت آباد 9 نمبرسریا والی گلی میں واقع 3 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زوردار دھماکے سے نیچے آگری جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد ملبے تلے دب کرزخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد 9 نمبرسریا والی گلی میں واقع 3 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زوردار دھماکے کے ساتھ نیچے آگری جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں ملبے سے نکالنے کے بعد فوری طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ امدادی ٹیموں کی مسلسل کوششوں سے 8 گھنٹے بعد ملبے سے ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے، ملبے سے نکالے جانے والا شخص ارشد عمارت کا رہائشی نہیں تھا۔

ایدھی ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے تلے دبنے سے زخمیوں میں شعیب، زین، اکبر، صفدر، نذیر، محمد علی اور واجد شامل ہیں۔ گرنے والی عمارت سے ملحقہ دیگرعمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جن کے گرنے کا خدشہ ظاہرکیا گیا ہے جس کے بعد متصل عمارات کو خالی کرا لیا گیا ہے، گرنے والی عمارت کے مالک کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت کافی مخدوش تھی، علاقے میں غیرقانونی تعمیرات جاری ہیں اوراس رہائشی بلڈنگ میں بھی ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا، جس سے پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔ دوسری جانب میئر کراچی وسیم اخترنے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور عمارت گرنے کا ذمہ دار بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو قراردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔