سانحہ بلدیہ؛ عدالت کا ملزم زبیر چریا کی درخواست ضمانت سننے سے انکار

ویب ڈیسک  منگل 18 جولائی 2017
بلدیہ ٹاؤن میں 2012ء میں گارمنٹس فیکٹری میں لگائی گئی آگ سے 255 محنت کش جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ فوٹو؛ فائل

بلدیہ ٹاؤن میں 2012ء میں گارمنٹس فیکٹری میں لگائی گئی آگ سے 255 محنت کش جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ فوٹو؛ فائل

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سانحہ بلدیہ میں ملوث ایم کیو ایم کے مرکزی ملزم زبیر عرف چریا کی ضمانت کی درخواست سننے سے انکار کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد فاروق شاہ نے زبیر عرف چریا کی درخواست ضمانت کی سماعت کی، سماعت کے دوران اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت میں بتایا کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے اور فیکٹری کو آگ لگائی گئی تھی۔ ایم کیو ایم کا کارکن عبدالرحمن عرف بھولا اے ٹی سی کے سامنے اعترافِ جرم کرچکا ہے کہ اس نے ایم کیوایم کراچی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کے حکم پر زبیر چریا سمیت چار ساتھیوں کے ساتھ مل کر فیکٹری کو آگ لگائی تھی۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ ملزم محمد زبیر عرف چریا کو 2016 میں سعودی عرب سے اور عبدالرحمن عرف بھولا کو بنکاک سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم زبیر کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جس پر اس نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔