آئی جی پنجاب عثمان خٹک کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن معطل

ویب ڈیسک  منگل 18 جولائی 2017
 پنجاب حکومت نے بظاہر توہین عدالت کی، جسٹس منصورعلی شاہ: فوٹو: فائل

 پنجاب حکومت نے بظاہر توہین عدالت کی، جسٹس منصورعلی شاہ: فوٹو: فائل

 لاہور: ہائی کورٹ نے عثمان خٹک کو بطور آئی جی تعیناتی کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے صوبے میں مستقل آئی جی کی تعیناتی سے متعلق درخواست کی سماعت کی، پنجاب حکومت نے عثمان خٹک کو مستقل آئی جی پنجاب تعینات کرکے نوٹی فکیشن عدالت میں پیش کیا تو درخواست گزار کے وکیل سعد رسول نے بتایا کہ عثمان خٹک کی ریٹائرمنٹ میں صرف 3 ماہ اور چند روز باقی ہیں اور انہیں مستقل آئی جی پنجاب تعینات کردیا گیا ہے۔

چیف جسٹس منصورعلی شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ صوبائی حکومت عدالت کے ساتھ مذاق کررہی ہے۔ پنجاب حکومت نے بظاہر توہین عدالت کی ہے۔ مستقل آئی جی پنجاب کی ملازمت قانون کے تحت 3 سال ہونی چاہیے۔ حکومت پولیس آرڈر 2002 پرعمل نہیں کررہی اور عدالتی احکامات کو مذاق بنارہی ہے۔ پنجاب حکومت آئی جی پنجاب کے لیے تجویز کیے گئے 3 نام بھی پیش نہ کرسکی ۔

عدالت عالیہ نےعثمان خٹک کو بطور آئی جی تعیناتی کا نوٹفکیشن معطل کرکے سماعت ملتوی کرتے ہوئے 26 جولائی تک صوبے میں مستقل آئی جی کی تعیناتی کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔