بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کا کرکٹر محمد شامی پر حملہ

ویب ڈیسک  منگل 18 جولائی 2017
انتہا پسند ہندوؤں نے محمد شامی کے چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ فوٹو: فائل

انتہا پسند ہندوؤں نے محمد شامی کے چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ فوٹو: فائل

کولکتہ: بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے معروف مسلمان کرکٹر محمد شامی پر حملہ کردیا۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں انتہا پسند ہندوؤں نے اپنی قومی ٹیم کے کرکٹر محمد شامی کے گھر پر حملہ کرکے ان کے چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیے: ہندو انتہا پسندوں کی محمد شامی کے اہلخانہ کو دھمکیاں

محمد شامی کاٹجو نگر کے علاقے میں اپنے گھر کے باہر کار پارک کررہے تھے کہ اسی اثنا میں موٹرسائیکل سوار 3 نوجوانوں نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ محمد شامی کی بلڈنگ کا چوکیدار ان کی مدد کو آیا تو تینوں نوجوانوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ 15 منٹ بعد تینوں نوجوان واپس آئے اور عمارت میں گھس گئے۔ انہوں نے محمد شامی کے فلیٹ پر لاتیں گھونسے مارے اور اندر گھسنے کی کوشش کی۔ کرکٹر نے فون کرکے پولیس طلب کرلی جس کے پہنچنے تک انتہا پسند نوجوان فرار ہوگئے۔

بھارتی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تینوں افراد کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت جیانتا سرکار، سورپ سرکار اور شیوا پرامانک کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے خلاف ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انتہا پسند ہندو اس سے پہلے بھی محمد شامی کو دھمکیاں دے چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔