ایف بی آرنے ٹیکس گزاروں کوجعلی ای میل سے خبردارکردیا

خصوصی رپورٹر  جمعرات 20 جولائی 2017
 کمپیوٹرزکونقصان ہوسکتا ہے، نظر انداز کریں، ’ایکسپریس‘میں خبرچھپنے پراعلامیہ جاری
 فوٹو؛ فائل

کمپیوٹرزکونقصان ہوسکتا ہے، نظر انداز کریں، ’ایکسپریس‘میں خبرچھپنے پراعلامیہ جاری فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس ریٹرن میں بے قاعدگیوں کے ضمن میں جعلی و نقصان دہ ای میل اور نوٹسز سے خبردار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ اس ضمن میں ’’ایکسپریس‘‘ نے بدھ کو خبر شائع کی تھی جس میں ایف بی آر کے نام سے لوٹ مار کیلیے سائبر کرمنلز کے سرگرم ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی، ’’ایکسپریس‘‘ میں خبر کی اشاعت کے بعد بدھ کو ایف بی آر کی جانب سے سرکاری طور پر اعلامیہ جاری کرکے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس ریٹرن میں بے قاعدگیوں کے ضمن میں جعلی و نقصان دہ ای میل اورنوٹسز سے خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے بیان میں لوگوں کو موصولہ جعلی ای میل پر مبنی ڈومین سے تعلق کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیاکہ اس ای میل ایڈریس یا ڈومین کا ایف بی آر کے ای میل ڈومین سے کوئی تعلق نہیں۔ بیان کے مطابق جعلی ای میل ایڈریس سے بھیجے جانے والے ای میل پیغامات میں ٹیکس دہندگان کو ان کے ٹیکس ریٹرن اور آمدنی میں تفاوت کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور انہیں کمشنر(ان لینڈ) سے فوری رابطے کیلیے کہا جاتا ہے۔

بیان کے مطابق اس طرح کے ای میل میں مبینہ طورپر نقصان دہ وائرس، میل ویئر اورپروگرام ہوتے ہیں جو کمپیوٹروں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، یہ مذموم سرگرمیاں بظاہر ہیکرز کررہے ہیں جو ٹیکس گزاروں کو اس طرح نقصان دہ وائرس اورمیل ویئر ارسال کرتے ہیں۔ بیان میں ٹیکس دہندگان اورعوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس ای میل کے ذریعے وصول ہونے والے ای میل کو نظرانداز کریں اور اس میں دی گئی کسی بھی ویب لنک کو کلک نہ کریں۔ علاوہ ازیں شہریوں کو اس طرح کی ای میل ملنے کی صورت میں متعلقہ حکام سے رابطے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔