جھوٹ کے سہارے عوام کو گمراہ کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی، شہباز شریف

ویب ڈیسک  جمعرات 20 جولائی 2017
سیاسی تماشا لگانے والوں کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو : فائل

سیاسی تماشا لگانے والوں کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو : فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام افراتفری اور انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں جب کہ سیاسی تماشا لگانے والوں کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے والوں کو قوم پر رحم کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کر رہے ہیں، الزامات کی بارش اور جھوٹ کا طوفان اٹھانے والوں نے جو حال اپنے صوبے کا کیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ جھوٹ کو ہر قدم پر ندامت کا سامنا کرنا پڑا اور سچ ہر موقع پر سرخرو ہوا ہے تاہم جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی جب کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے اور اسے ہر قیمت پرپورا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولنے کے ماہر سیاستدان کے یوٹرن اور تضاد بیانی پوری قوم کے سامنے آ چکی ہے، گزشتہ 4 برس کے دوران دھرنا پارٹی نے انتشار اور محاذ آرائی کے سوا کچھ نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بنیاد الزامات لگانا اور جھوٹ بولنا عوام کے ٹھکرائے ہوئے سیاسی عناصر کی اخلاقی پسماندگی کی عکاسی کرتے ہیں، وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو امن اور ترقی دی جو مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی جب کہ موجودہ دور میں شفافیت کے ایسے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے جو ماضی میں ناپید تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔