کراچی سے ساڑھے 6 ماہ میں 25 کروڑ کی اسمگلڈ اشیا ضبط کرلی گئیں

احتشام مفتی  جمعـء 21 جولائی 2017
اسمگلنگ میں موٹررجسٹریشن ونگ کی ملی بھگت،ٹینکرزمیں الٹریشن کاانکشاف۔ فوٹو: فائل

اسمگلنگ میں موٹررجسٹریشن ونگ کی ملی بھگت،ٹینکرزمیں الٹریشن کاانکشاف۔ فوٹو: فائل

 کراچی: اسمگلنگ کے جدید طریقوں اوراسمگلروں کی نئی حکمت عملی کے باوجود ڈائریکٹوریٹ کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے رواں سال کے ابتدائی ساڑھے6 ماہ کے دوران 25 کروڑ21 لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ گاڑیاں، ایرانی ڈیزل، قیمتی موبائل فونز، ممنوع غیرملکی گٹکا اور سگریٹس اسمگل کرنے کی وارداتوں کو ناکام بنایا۔

ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل کسٹمزانٹیلی جنس شوکت علی کی ہدایات کی روشنی میں کراچی کے ڈائریکٹوریٹ نے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے موٹر رجسٹریشن ونگ کی مبینہ بے قاعدگیوں کی اطلاعات پر غیرقانونی اور جعلی دستاویزات پر رجسٹرڈ ہونے والی کمرشل وہیکلز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جنوری تاجولائی2017 کے وسط تک مجموعی طور پر20 کروڑروپے مالیت کی 65 لگژری اسمگل شدہ گاڑیوں کے علاوہ 90 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کی غیرملکی ہائی اسپیڈ فائیبرگلاس بوٹ ابراہیم حیدری سے پکڑی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چمن سرحد سے کوئٹہ اورکراچی تک کوسٹل ہائی وے پرلاتعداد لیویز، کسٹمز، ایف سی، پولیس، کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹیں قائم ہیں لیکن اس کے باوجود اسمگلر نان کسٹم پیڈ گاڑیاں باآسانی کراچی پہنچانے میں کامیاب ہورہے ہیں، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اسمگلروں کا منظم گروہ ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے موٹررجسٹریشن ونگ کی ملی بھگت سے جعلی آکشن سرٹیفکیٹ، بینک چالان، ڈلیوری آرڈر پر پہلے رجسٹر کراتے ہیں بعد ازاں جاری کردہ نمبر پلیٹ ورجسٹریشن دستاویزات پرکوئٹہ سے انتہائی سہولت کے ساتھ قیمتی گاڑیاں کراچی لائی جاتی ہیں اور یہ اطلاع بھی موصول ہوئی ہے کہ موٹررجسٹریشن ونگ کی ملی بھگت سے اسمگل شدہ کمرشل وہیکلزکی بھی بڑے پیمانے پرجعلی دستاویزات پر رجسٹریشن کی جارہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کے انسدادااسمگلنگ کی مسلسل کاروائیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایرانی ڈیزل کے اسمگلروں نے کنٹینرنما آئل ٹینکرز یا آئل ٹینکروں کے اطراف میں علیحدہ خانے بنا کر تارکول کی آڑ میں ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے کی نئی حکمت عملی اختیارکی جسے خفیہ اطلاع پرڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے ناکام بنادیا ہے۔

علاوہ ازیں گزشتہ ساڑھے 6 ماہ میں ڈائریکٹوریٹ نے 2 کروڑ50 لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل پکڑا جبکہ97 لاکھ روپے مالیت کے غیرملکی سگریٹس اورگٹکا ضبط کیاگیا، اسی طرح 83 لاکھ73 ہزار روپے مالیت کے اسمگل شدہ 485 قیمتی موبائل فونز بھی پکڑے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔