دبنگ تھری کی ہدایت کاری معمہ بن گئی؟

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جولائی 2017
ارباز خان نے ہدایت کاری کے حوالے سے صابر خان سے رابطے کی تردید کردی۔ فوٹو: فائل

ارباز خان نے ہدایت کاری کے حوالے سے صابر خان سے رابطے کی تردید کردی۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی دبنگ سیریز کے تیسرے سیکوئل کی ہدایت کاری ایک معمہ بن گئی۔

مداحوں کو سلو میاں کی ہر فلم کا ہی بے صبری سے انتظار رہتا ہے کیوں کہ ان کی فلمیں ایکشن اور مزاح سے بھرپور ہوتی ہیں، چاہے وانٹیڈ ہو یا بجرنگی بھائی جان، اک تھا ٹائیگر ہو یا پھر سلطان، ان کے ہر کردار کو دل کھول کر سراہا گیا مگر فلم ’دبنگ‘ میں چلبل بانڈے کے کردار نے مداحوں پر ایسی دھاک بٹھائی کہ فلم کے دونوں سیکوئل کی کامیابی کے بعد اس کے تیسرے پارٹ کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے جس کے لیے شوٹنگ کی تاریخ بھی طے ہوچکی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اربازخان بڑے بھیا سلمان خان سے ناراض

’دبنگ‘ کے دوسرے سیکوئل میں ہدایت کاری کے فرائض سلو میاں کے بھائی ارباز خان نے انجام دیئے تھے جو نہ صرف فلم کے لکھاری اور پروڈیسر ہیں بلکہ بطور اداکار بھی فلم کا حصہ ہیں لیکن تیسرے سیکوئل میں دبنگ خان نے ان کی ہدایت کاری میں فلم بنانے سے انکار کر دیا تھا جس پر ’دبنگ تھری‘ کی ہدایت کاری ایک معمہ بن کر رہ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’دبنگ تھری‘ کی ہدایت کاری کے لیے بھارت کے معروف کوریو گرافر اور فلم میکر پربھو دیوا کا نام لیا جا رہا تھا لیکن نئی رپورٹ کے مطابق اب اس فلم میں ’ہیرو پنتی‘ کے ڈائریکٹر صابر خان ہدایت کاری کے فرائض انجام دیں گے۔ صابر خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بہت خوشی ہے کہ اس فلم کے لئے مجھے چنا گیا تاہم فلم کے حوالے سے بات چیت ابھی آخری مراحل میں ہے اور فلم کا اسکرپٹ بھی فائنل کر رہا ہوں۔

دوسری جانب فلم کے پروڈیسر اور دبنگ خان کے بھائی ارباز نے صابر خان کے بیان کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے اور صابر سے ہدایت کاری کے لئے کبھی رابطہ نہیں کیا گیا۔ ارباز خان کے اس ٹوئٹ کے بعد دبنگ خان کے مداح ایک بار پھر کشمکش میں مبتلا ہو گئے ہیں کہ کیوں کہ وہ چلبل بانڈے کو ایک بار پھر ایکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے سلمان خان اس وقت ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے مکمل ہوتے ہی وہ ہدایت کار ریمو ڈی سوزا کی فلم کی شوٹنگ شروع کریں گے، جس میں سلو میاں پہلی بار ڈانسر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے اور اس کے بعد وہ دبنگ تھری کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔