اردو کے معروف شاعر و مصنف حسن اکبر کمال انتقال کر گئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جولائی 2017
حسن اکبر کی عمر 71 برس تھی اور وہ مختلف امراض کا شکار تھے— فوٹو : فائل

حسن اکبر کی عمر 71 برس تھی اور وہ مختلف امراض کا شکار تھے— فوٹو : فائل

 کراچی: اردو ادب کے معروف شاعر و مصنف حسن اکبر کمال 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

حسن اکبر کمال کے اہل خانہ کے مطابق انہیں مختلف امراض لاحق تھے اور ان کا انتقال کراچی کے ایک نجی اسپتال میں ہوا۔ ان کی نماز جنازہ امام بارگاہ انچولی میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سپر ہائی پر واقع وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

حسن اکبر کو 1980 میں ادب کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں آدم جی ادب ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ تقسیم ہند کے بعد ان کا خاندان پاکستان آگیا تھا اور انہوں نے اپنا بچپن سکھر میں گزارا جبکہ انگریزی ادب میں ماسٹرز کی ڈگری سندھ یونیورسٹی حیدرآباد سے حاصل کی۔

انہوں نے کم عمری میں ہی شاعری کا آغاز کردیا تھا اور کئی گانے بھی لکھے جن میں کوئی خوشبو جیسی بات کرو، کبھی تم ادھر سے گزر کر تو دیکھو، ہے تیرا کرم اور مولا جیسے گانے شامل ہیں جبکہ ان کے لکھے ہوئے گانوں کو نیرہ نور، عالمگیر، گلبہار بانو اور ٹینا ثانی جیسے گلوکاروں نے گایا۔

حسن اکبر کی مشہور تصانیف میں شعری مجموعہ سخن، خزاں میرا موسم، کمال کے مضامین، جشن عشق، چاچا خیرو، ملاح کا بھوت، رستم خان اور آدم خوروں کا جزیرہ شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔