فلم ریلیز سے قبل لیک ہونے پر اکشے کمار کا مداحوں کے نام پیغام

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جولائی 2017
پائریسی کے خلاف جنگ انتہائی اہم ہے ، اکشے کمار - فوٹو: فائل

پائریسی کے خلاف جنگ انتہائی اہم ہے ، اکشے کمار - فوٹو: فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے کھلاڑی اکشے کمار نے اپنی نئی آنے والی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ کے ریلیز سے قبل ہی آن لائن لیک ہونے پر مداحوں کے نام ایک پیغام میں کہا کہ پائریسی کا انکار کریں۔

بھارت میں پائریسی کے حوالے سے بالی ووڈ ہمیشہ ہی تشویش کا شکار رہا ہے اور تقریباً ہر بڑے اسٹار کی فلم یا تو ریلیز سے قبل یا ریلیز کے پہلے یا دوسرے دن ہی آن لائن لیک ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے فلم کا بزنس شدید متاثر ہوتا ہے اور فلم بھی فلاپ ہو جاتی ہے کیوں کہ فلم آن لائن آنے کے بعد بہت ہی کم لوگ ٹکٹ خرید کر سینما دیکھنے جاتے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ‘ ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار

اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ پہلے ہی مسائل کا شکار تھی اور فلم کی کہانی پر بھی چوری کا الزام عائد ہوا تھا مگر اب فلم آن لائن لیک ہو گئی ہے جس سے پروڈیوسر سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں تاہم فلم اب تک مداحوں کے ہاتھ نہیں لگی ہے۔

اکشے کمار نے بھی اس حوالے سے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا پائریسی کے خلاف جنگ انتہائی اہم ہے اور یہ اچھی بات ہے کہ کرائم برانچ نے اس نا خوشگوار واقعے کے خلاف کارروائی کی ہے جب کہ میں اپنے مداحوں، دوستوں اور ساتھیوں سے درخواست کرنا چاہوں گا کہ پائریسی کا انکار کریں۔

گزشتہ سال رتیش دیش مک، آفتاب اور وویک اوبرائے کی مشہور فلم مستی کا تیسرا سیکوئل ’گریٹ گرینڈ مستی‘ بھی ریلیز سے قبل آن لائن لیک ہو گئی تھی جس کے باعث فلم نہ صرف بری طرح فلاپ ہوئی بلکہ وہ اپنا بجٹ بھی پورا نہیں کر سکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔