عرب ریاستیں قطر کی زمینی ناکہ بندی ختم کر دیں، امریکا

خبر ایجنسیاں  اتوار 23 جولائی 2017
قطر کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے معاہدے پر عمل درآمد پر اطمینان کا اظہار۔ فوٹو: نیٹ

قطر کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے معاہدے پر عمل درآمد پر اطمینان کا اظہار۔ فوٹو: نیٹ

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن کا کہنا ہے کہ وہ قطری تنازع کے حل کیلیے کی جانے والی کوششوں پر مطمئن ہیں۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اومان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی بن عبداللہ سے واشنگٹن میں ملاقات سے قبل صحافیوں سے بات چیت میں ٹلرسن نے کہا کہ قطری تنازع کے حل کی جانب مثبت پیش رفت ہورہی ہے۔ اسی تناظر میں ٹِلرسن نے 10 روز قبل خطے کا دورہ بھی کیا تھا۔

ٹلرسن نے کہا کہ امریکا قطری حکومت کے ساتھ دہشت گردی، اس کی مالی معاونت اور انسداد دہشت گردی کے متعدد امور پر بات چیت میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں قطری حکومت اقدامات کررہی ہے جبکہ دوسری طرف امریکا نے قطر کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے معاہدے پر عمل درآمد پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے عرب ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ قطر کی زمینی ناکہ بندی ختم کردیں۔

امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹِلرسن نے قطر کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے معاہدے پر عمل درآمد پر اطمینان کا بھی اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران امریکی وزیرخارجہ نے عرب ریاستوں کے تنازع کو حل کرنے کے لیے مختلف ریاستی سربراہان سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔ سعودی عرب اور اس کے 3 حلیف ممالک نے گزشتہ ماہ قطر کے ساتھ سفارتی روابط منقطع کردیے تھے اور تمام رابطوں کی بحالی کے لیے 13 مطالبات پیش کیے تھے، اب ان مطالبات کی تعداد 6 کردی گئی ہے۔ قطر کی حکومت ان مطالبات کو مسترد کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔