کنری تھانے پر حملہ کیس، ضمانت مسترد، نواب زید تالپور 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

نامہ نگار  اتوار 23 جولائی 2017
 پی ٹی آئی رہنما کو لاک اپ کر دیا گیا۔ فوٹو: فائل

 پی ٹی آئی رہنما کو لاک اپ کر دیا گیا۔ فوٹو: فائل

کنری: عمرکوٹ پولیس نے کنری تھانے پر حملے کے مقدمے میں ضمانت مسترد ہونے پر تحریک انصاف کے رہنما نواب زید تالپور کو 2 ساتھوں سمیت گرفتار کر لیا۔

سیشن جج عمرکوٹ نے کنری تھانے میں ایس ایچ او کی کرسی پر بیٹھنے اور ہنگامہ آرائی و حملہ کرنے کے مقدمے میں ملوث پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نواب زید تالپورسمیت 7 ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی جس کے بعد انکوائری آفیسر انسپکڑ وجے کمار نے زید تالپور اور اس کے 2 ملازمین عبدالکریم اور لچھمن کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا۔

زید تالپور سمیت10 ملزمان پر 4 مئی کو کنری تھانے پر دھاوا بول کر پولیس حکام سے بدسلوکی کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ زید تالپور کے بیٹے حسن تالپور سمیت 3 ملزمان اس مقدمے میں اے ٹی سی میرپورخاص سے ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔ اس موقع پر لاک اپ میں موجود زید تالپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عاید کیا کہ اُن کیخلاف وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی تیمور تالپور کے کہنے پر جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔