پراچی ڈیسائی نئی فلم میں جان ابراہم کیساتھ جلوہ گر ہونے کیلئے تیار

شوبز ڈیسک  ہفتہ 9 فروری 2013
مشکل کام کو شوق سے کرکے دکھایا، رواں سال ریلیز ہونیوالی فلم ’’سمے‘‘ میں سنجے دت کے ساتھ بھی  لیڈنگ لیڈی رول کررہی ہوں، 24 سالہ اداکارہ کی خصوصی گفتگو۔   فوٹو : فائل

مشکل کام کو شوق سے کرکے دکھایا، رواں سال ریلیز ہونیوالی فلم ’’سمے‘‘ میں سنجے دت کے ساتھ بھی لیڈنگ لیڈی رول کررہی ہوں، 24 سالہ اداکارہ کی خصوصی گفتگو۔ فوٹو : فائل

ممبئی:  بالی وڈ اداکارہ پراچی ڈیسائی نئی فلم ’’آئی می اور میں ‘‘میں جان ابراہم کے ساتھ جلوہ گرہونگی ،ہدایتکار کپل شرماکی اس فلم میں چترانگدا سنگھ بھی اہم کرادار نبھارہی ہیں۔

ان کی یہ فلم یکم مارچ کو سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔رومانوی فلم کی تشہیری مہم جاری ہے ۔فلمی ستاروں کی شرکت نے پروموشنل تقریبا کوچارچاند لگادیئے ۔اداکارہ پراچی کا کہناہے کہ آغاز سے اب تک فلمی کیرئیر میں مشکل کام کو ہی پسند کیا اور کرکے دکھایا ہے، مداحوں نے قلیل عرصے میں ہی پسند کرلیا جس پر ان کی شکر گزار ہوں۔ادھر پراچی ڈیسائی کی نئی فلم ’’آئی می اور میں‘‘ کے نئے گانے ’’ساجنا‘‘کی وڈیو ریلیز کردی گئی ہے ۔گیت نغمہ نگار کمار کا ہے جب کہ موسیقار فلک شبیر نے اسے خود اپنی آواز میں ریکارڈ کیا ہے۔

فلم کی ہیروئن پراچی ڈیسائی اور چترانگدا سنگھ اس گیت میں ایک ساتھ نظر آرہی ہیں ۔24سالہ بالی وڈ اداکارہ پراچی کا کہنا ہے کہ رواں سال کئی فلموں کے ساتھ سلور اسکرین پر نظر آئوں گی ۔ان میں تامل ری میک فلم ’’سمے ‘‘میں سنجے دت کے ساتھ لیڈنگ لیڈی رول کررہی ہوں ۔ جب کہ فلم ’’آئی می اور میں ‘‘میں اداکار جان ابراہم کے ساتھ نظر آئوں گی۔اداکارہ نے کہا کہ تینوں فلموں کی کہانی مختلف ہے اور کردار بھی بہت اہم ہیں، انھوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان فلموں میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہوں گی۔

اپنی نئی فلموں کی تشہیری مہم بھی چلارہی ہوں اور شائقین کے لیے یہ فلمیں کسی تحفے سے کم نہیں ہونگی۔انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہوں،ان کی پسند کا بھی خیال رکھتی ہوں ،مداحوں کی خوشی سب سے زیادہ عزیز ہے انھی کی بدولت ترقی کے زینے طے کررہی ہوں مداحوں کے مشوروں پر اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے محنت کررہی ہوں ۔فلم میں ہر طرح کے کردار کو خوبی سے نبھانا ہی اصل فن ہے اور جو اس کو بہتر انداز میں کرتا ہے وہی کامیاب بھی ہے ۔بالی وڈ اداکارہ نے کہا کہ جو کچھ حاصل کیا اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گی۔

آگے بڑھنے کے لیے شوق اور لگن سے کام کرتی رہوں گی۔انھوں نے کہا کہ پہلی فلم ’’راک آن ‘‘میں اگرچہ میرے ساتھ فرحان اختر کی صورت ایک نیا چہرہ متعارف کرایا گیا مگر میں نے اس فلم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر اپنی الگ شناخت بنانے کی کوشش کی ہے ۔کیرئیر کا آغاز چھوٹی اسکرین سے ہی کیا اور ڈرامہ سیریل کی مقبولیت نے میرے کردار کو بھی مشہور بنادیا ۔اس سیریل نے بڑی شہرت حاصل کی ۔اداکارہ کی فلم ’’آئی می اور میں ‘‘،’’سمے‘‘ اور 1920 کا پارٹ تھری بھی ریلیز کے لیے تیار ہے ۔24 سالہ بالی وڈ اداکارہ پراچی ڈیسائی فلم ’’سمے ‘‘میں 54 سالہ اداکار سنجے دت کی ہیروئن بنیں گی۔

اس فلم میں سنجے دت ایک پولیس افسر کا کردار نبھارہے ہیں۔یہ فلم سلمان کی ’’دبنگ‘‘سے یکسر مختلف ہے اور اس میں پولیس افسر کا کردار بھی منفرد ہے ،پراچی ڈیسائی کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس فلم میں سافٹ ویئر انجینئر کا کردار نبھایا ہے جسے سنجے دت سے محبت ہوجاتی ہے اور پھر شادی کرلیتے ہیں ۔اس فلم کی ہدایات سائوتھ کے ڈائریکٹر کے ،ایس روی کمار نے دی ہیں ۔واضح رہے کہ پراچی 12 ستمبر1988 کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں پیدا ہوئیں۔ابتدائی تعلیم سورت کے کانونٹ اسکول سے حاصل کی پھر پونے سے گریجویشن کرلی۔

پونے میں کالج کے دوران کئی ڈانس اور ایکٹنگ مقابلوںمیںحصہ لے کرمتعددانعامات بھی جیتے۔ 20 سال کی عمر میں ٹی وی پر کام شروع کردیا۔ اداکارہ نے ٹی وی سیریل چھوڑدی اور اس کے بعد کئی دیگر ٹی وی چینلز پر کام کیا ،تاہم طویل سیریل میں عمدہ اداکاری پر انھیں کئی ایوارڈز دیئے گئے۔ 2008 میں ہی پہلی فلم ’’راک آن ‘‘ میں عمدہ پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی۔ 2009 میں فلم ’’لائف پارٹنر ‘‘میں جلوہ گرہوئیں۔ 2010میں فلم ’’ونس اپان ان ممبئی‘‘ممتاز کا کردار نبھایا۔

اس فلم میں بھی ان کی اچھی پرفارمنس پر ان کی بہترین معاون اداکارہ کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی۔ 2012 میں فلم ’’تیری میری کہانی ‘‘میں پرفارم کیا۔ اس فلم میں ان کی خصوصی آمد ہوئی۔اوررواںسال ہی پراچی کی فلم ’’بول بچن‘‘ سینما گھروں کی زینت بنائی گئی ۔اب رواں سال ان کی نئی فلم ’’آئی می اور میں ‘‘یکم مارچ کو ریلیز کی جارہی ہے۔ جس میں اداکارہ جان ابراہم کے مدمقابل جلوہ گر ہونگی بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے اداکارہ پر کشش ہو نے کے ساتھ ساتھ کافی با صلاحیت بھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔