سام سنگ کا گیلکسی نوٹ 8 لانچ کرنے کی تاریخ کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 23 جولائی 2017
گیلکسی نوٹ 8 کی ایک جھلک۔ فوٹو: فائل

گیلکسی نوٹ 8 کی ایک جھلک۔ فوٹو: فائل

جنوبی کوریا: سیاست ہو یا الیکٹرانک کی دنیا، ان میں درست وقت کو بڑی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ جیسے ہی ایپل نے ستمبر کے پہلے ہفتے آئی فون ایٹ کے اجراء کا اعلان کیا تو سام سنگ نے بھی 23 اگست کو اپنا نیا فون گیلکسی نوٹ 8 لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

سام سنگ اپنے نئے فون کو ایپل سے پہلے پیش کر کے مالی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے جبکہ گیلکسی نے وقفے وقفے سے اپنے نئے فون کے فیچر ظاہر کر دیئے ہیں جن میں سوشل میڈیا پر جاری تصاویر بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کئی تصاویر اور فیچر سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئے گیلکسی نوٹ 8 میں فنگرپرنٹ آئی ڈی اسکینر، ایل ای ڈی فلیش اور ڈوئیل لینس کیمرہ نصب ہو گا جبکہ دیگر فیچر اس کے علاوہ ہیں۔

گیلکسی نوٹ 8 میں انفینٹی ڈسپلے اور ایس پین اسٹائلس فیچر بھی ہو گا اور ناقدرین کے مطابق سام سنگ بہت تیزی سے آئی فون کے مقابل آ رہا ہے۔ اس سے قبل گیلکسی نوٹ 8 کے اجرا کا مہینہ ستمبر تھا لیکن اب اگست کے تیسرے ہفتے میں یہ عوام کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔

اگر یہ بات درست ہے تو ایپل کے لیے یہ کوئی اچھی خبر نہیں کیونکہ سام سنگ نے نئے فون کو آئی فون 8 کے مقابلے میں قدرے سستا فروخت کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سام سنگ گیلکسی نوٹ 7 کی بیٹری ازخود بھڑکنے اور آگ لگنے کے درجنوں واقعات رپورٹ ہوئے تھے جس سے سام سنگ کی ساکھ کو دھچکا پہنچا تھا لیکن اب سام سنگ کا اصرار ہے کہ کئی ٹیسٹ سے گزارنے کے بعد اس مسئلے کو حل کر دیا گیا ہے۔ سام سنگ گیلکسی نوٹ 7 کے تمام سیٹ کمپنی نے واپس لے لیے تھے جن کی تعداد لاکھوں میں تھی اور اب نوٹ سیون کے کئی لاکھ ہینڈ سیٹس کو ریفربشڈ کرکے فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن انہیں فی الحال صرف جنوبی کوریا میں ہی فروخت کے لئے پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔