پاک فوج نے راجگال میں دہشتگردوں کے مزید 2 ٹھکانے تباہ کردیئے

ویب ڈیسک  اتوار 23 جولائی 2017
آپریشن خیبر 4 منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے، آئی جی ایف سی میجر جنرل شاہین۔ فوٹو: فائل

آپریشن خیبر 4 منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے، آئی جی ایف سی میجر جنرل شاہین۔ فوٹو: فائل

پشاور: سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں دہشتگردوں کے 2 مضبوط ٹھکانے تباہ کر دیئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق درہ اسپرائی اور استار کلے پر مشتمل بلند ترین چوٹی اسپن کئی کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا گیا ہے۔ پاک فوج کے مطابق افغانستان سے پاکستان میں داخلے کے دو اہم راستوں کو محفوظ بنا دیا گیا ہے اور ان پر پاک فوج نے موثر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راجگال میں داعش کے خاتمے کیلیے آپریشن خیبر4 شروع کردیا گیا، آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خیبر4 کے تحت دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو توپخانوں اور فضائی حملوں کے ذریعے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل شاہین نے کہا ہے کہ آپریشن خیبر 4 منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور دہشتگرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 16 جولائی کو پاک فوج نے وادی راجگال میں خیبر 4 آپریشن کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد سرحد پار موجود جنگجو تنظیم داعش کی پاکستانی علاقوں میں کارروائیوں کو روکنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔