مائیکل فلپس اور شارک کے درمیان مقابلہ جعلی نکلا

ویب ڈیسک  پير 24 جولائی 2017
سوشل میڈیا پرمایوس صارفین نے جعلی مقابلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا— فوٹو : فائل

سوشل میڈیا پرمایوس صارفین نے جعلی مقابلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا— فوٹو : فائل

 واشنگٹن: اولمپکس سمیت متعدد مقابلوں میں حریفوں کی امیدوں پر پانی پھیرنے والے سوئمنگ کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مائیکل فلپس گریٹ وائٹ شارک سے تیراکی کا مقابلہ ہار گئے تاہم اس مقابلے نے سوشل میڈیا پر نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

وائلڈ لائف ڈاکیومیٹریز پیش کرنے والے ڈسکوری چینل نے گزشہ ماہ اعلان کیا تھا کہ اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ گولڈ میڈلز جیتنے کا اعزاز رکھنے والے امریکی پیراک مائیکل فلپس اب گریٹ وائٹ شارک سے مقابلہ کریں گے اور اس مقابلے کو نشر بھی کیا جائے گا۔ مائیکل فلپس اور شارک کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کو ’فلپس بمقابلہ شارک: گریٹ گولڈ بمقابلہ گریٹ وائٹ‘ کا نام دیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز ہونے والے اس مقابلے نے شائقین کی امیدوں پر ہی پانی پھیر دیا۔

شائقین توقع کر رہے تھے کہ انہیں ایڈونچر سے بھرپور مقابلہ دیکھنے کو ملے گا اور پانی میں شارک کے ساتھ مائیکل فلپس کو دیکھنا انوکھا تجربہ ہوگا تاہم لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ مائیکل فلپس اصل شارک کے بجائے کمپیوٹرائز شارک سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مائیکل فیلپس اب گریٹ وائٹ شارک سے مقابلہ کریں گے

ڈسکوری پر نشر ہونے والی اس ریس میں مائیکل فلپس کو کمپیوٹر کی مدد سے تیار کی گئی شارک کے ساتھ ریس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ مصنوعی 100 میٹر ریس جنوبی افریقا کے ساحل پر منعقد کی گئی جہاں مائیکل فلپس نے مقررہ فاصلہ 38.1 سیکنڈز میں طے کیا جبکہ نقلی شارک نے یہ فاصلہ 36.1 سیکنڈ میں طے کر لیا۔ ڈسکوری حکام کا کہنا ہے کہ وہ اصلی شارک کے ساتھ فلپس کو پانی میں اتارنے کا خطرہ مول نہیں لے سکتے تھے لہٰذا انہوں نے کمپیوٹر کی مدد سے شارک کی شبیہہ تیار کی اور گریٹ وائٹ شارک کے تیرنے کی رفتار کا ڈیٹا استعمال کیا اور اس کا موازنہ فلپس کی رفتار سے کیا جس کے تحت شارک کو فاتح قرار دیا گیا۔

تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شائقین نے ڈسکوری چینل کو آڑے ہاتھوں لیا اور خوب تنقید کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ڈسکوری نے انہیں دھوکا دیا اور وہ کچھ اور ہی توقع کر رہے تھے۔ ٹوئیٹر پر لوگوں کو مایوس دیکھ کر خود مائیکل فلپس نے لکھا کہ وہ دوبارہ میچ کرنا چاہیں گے اور اس بار گرم پانی میں مقابلہ ہونا چاہیئے۔ ممکن ہے کہ مستقبل میں ڈسکوری مائیکل فلپس اور اصل شارک کا مقابلہ کرانے کا کوئی راستہ ڈھونڈ نکالے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔