سلمان خان ’’گاڈ فادر‘‘ بن گئے

علیم خان  منگل 25 جولائی 2017
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

یہ اگست 1988ء کی بات ہے جب سلمان خان کی پہلی فلم،بیوی ہو تو ایسی ریلیز ہوئی۔ گویا سلمان کو بالی وڈ میں زندگی بیتاتے اگلے سال تیس برس ہو جائیں گے۔ اس دوران وہ کئی نوآموز فلمی ستاروں کے نہ صرف ’گاڈفادر‘ بن گئے بلکہ کچھ ایسے نام بھی فلم کے افق پر چمکانے میں کامیاب رہے جن کا پہلے دنیائے فلم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ نہ ان کا کوئی رشتے دار فلمی دنیا سے جڑا تھا نہ ماں، باپ اور نہ بہن، بھائی۔

2000ء سے سلمان  نوجوان لڑکے لڑکیوں کو فلم انڈسٹری میں متعارف کرانے لگے۔ جلد ہی وہ بہت سے فنکاروں کے سرپرست بن گئے۔ ان میں سورج پنچولی، زرین خان، ارجن کپور، ڈیزی شاہ اور سوناکشی سنہا جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ بہت سے نوآموزوں نے دبنگ ہیرو کی بدولت شہرت پائی۔سلمان نے اپنے ہاتھوں سے تراش کر اداکار، اداکارائیں اور میوزک کمپوزر بالی وڈ کو دئیے۔ وہ بہت سے نئے لوگوں کو آگے لائے اور کئی فنکاروں کے کیرئیر کو سہارا دیا۔ان میں بعض نئے چہروں کا تعارف درج ذیل ہے۔

ارجن کپور

اس عمدہ اداکار کو یش راج کی فلم ’عشق زادے‘ سے بطور فنکار سامنے آنے کا موقع مل گیا تھا، لیکن یہ سلمان خان ہی تھے جنہوں نے ارجن کو ناصرف اداکاری کی تربیت دی بلکہ انڈسٹری کے موجودہ تقاضوں کے مطابق انہیں ’فٹ‘ بھی بنایا۔

سوناکشی سنہا

شترو گھن سنہا کی یہ بیٹی خود اس بات کی متمنی تھی کہ سلمان خان ہی اسے فلم انڈسٹری میں متعارف کرائیں۔ سوناکشی اپنی پہلی فلم ’دبنگ‘ کے ریلیز ہونے سے بھی کئی سال پہلے سے سلمان خان کو جانتی تھی۔سلمان نے اس جان پہچان کا حق ادا کیا اور ’دبنگ‘ کے ذریعے سوناکشی کو فلم انڈسٹری میں آسانی کے ساتھ آنے کا موقع مل گیا۔ آج کون ہے جو سوناکشی کو نہیں جانتا۔سوناکشی بھی سلمان کو اپنا محسن تسلیم کرتی اور انہیں قدر و منزلت کی نظر سے دیکھتی ہے۔

سورج پنچولی

یہ ادیتا پنچولی کا صاحبزادہ ہے ۔سلمان خان کی پروڈکشن وینچر ’ہیرو‘ کے ذریعے متعارف ہوا۔ فلم نے باکس آفس پر اوسط سطح کا ہی کاروبار کیا لیکن سورج اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ اس سے بہتر انداز میں متعارف ہونے کا وہ سپنے میں بھی نہیں سوچ سکتا تھا۔

اتھیا شیٹھی

یہ سنیل شیٹھی کی بیٹی ہے۔ اسے بھی سلمان خان فلمز کی پروڈکشن ’ہیرو‘ کے ذریعے متعارف ہونے کا موقع ملا۔ سنیل اور سلمان میں کافی گہری دوستی ہے۔ اتھیا نے اپنی پہلی فلم میں کارکردگی سے یہ ثابت کیا کہ وہ باصلاحیت ادکارہ ہے۔اتھیاکے پاس اس وقت کئی فلمیں ہیں۔

ڈیزی شاہ

اس کو سلمان نے فلم ’جے ہو‘ میں تعارف کرایا ۔ وہ خان فیملی سے قریبی تعلقات رکھتی ہے۔ شاہ کو سلمان کی کئی فیملی تقریبات میں دیکھا جاتا رہا ہے۔ ڈیزی شاہ بھی ’ہیٹ اسٹوری تھری‘ سے کامیابی کے سفر کا آغاز کر چکی ۔

زرین خان

یہ کترینا کیف سے ملتی جلتی شکل کی مالک ہے۔ زرین کو سلمان خان کی فلم ’ویر‘ سے متعارف ہونے کا موقع ملا۔ پھر ایک اور ہٹ فلم ’ہیٹ اسٹوری تھری‘ سے بھی اس نے کامیابی کی نئی تاریخ رقم کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔