آن لائن شناختی کارڈ کے لیے چند برانچز میں کام شروع

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 جولائی 2017
گورنر محمد زبیر کی زیرصدارت اجلاس میں ڈی جی نادرا اور پاسپورٹس کی شرکت۔ فوٹو : فائل

گورنر محمد زبیر کی زیرصدارت اجلاس میں ڈی جی نادرا اور پاسپورٹس کی شرکت۔ فوٹو : فائل

 کراچی: گورنر سندھ نے کہا ہے کہ آن لائن شناختی کارڈ بنانے کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاہم چند آن لائن برانچزکا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

گورنر سندھ محمد زبیر کی زیرصدارت گورنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل نادرا محمد احمد خٹک، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس اینڈ امیگریشن سعید عباس شریک تھے۔ اجلاس میں شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے اجرا اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

گورنر نے کہاکہ عوام کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا تھا لیکن موجودہ حکومت نے متعلقہ حکام سے مل کر مربوط اور موثر اقدامات کے ذریعے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے کے عمل کو سہل کردیا ہے اجلاس میں بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استفادے سے آن لائن شناختی کارڈ بنانے کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے چند آن لائن برانچزکا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاسپورٹ بنانے کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں آن لائن پاسپورٹ بنانے کے عمل پر بھی کام تیزی سے جاری ہے تاکہ شہری گھروں میں بیٹھ کر اپنے پاسپورٹ بنواسکیں۔

دریں اثنا گورنر سندھ محمد زبیر نے گورنر ہاؤس میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ آہنگی کے لیے علمائے کرام کا کردار نہایت اہم ہے صوبے میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر محمد امین الحسنات شاہ نے کہا کہ تمام مذاہب کے مابین بھائی چارہ، مذہبی رواداری کے فروغ اور عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لیے کام کر رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔