عمران خان کا واحد مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے، حاصل بزنجو

اسٹاف رپورٹر  منگل 25 جولائی 2017
ملک میں مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں، الیکشن مقررہ وقت 2018 میں ہونگے۔ فوٹو: فائل

ملک میں مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں، الیکشن مقررہ وقت 2018 میں ہونگے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں غیر جمہوری عناصر کا ٹولہ ہے، عمران خان کا واحد مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے۔

گزشتہ روز پی این ایس سی بلڈنگ میں واقع کمیپ آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر حاصل بزنجو نے کہا کہ نواز شریف کی وجہ سے ملک کی معیشت مضبوط ہورہی ہے جس کی واضح مثال غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہے، ملک میں مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں انتخابات مقررہ وقت 2018 میں ہونگے، تمام جماعتوں نے انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے اور اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ بھی کررہی ہے، اس وقت جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔

میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر یا بیرون ملک سے کی جانیوالی سازش بھی کامیاب نہیں ہوگی، ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں نے منتخب حکومتوں کا خاتمہ کر کے ملک پر تلوار لٹکائی ہے، کرپشن کا الزام لگا کر محمد خان جونیجو سے لیکر بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کی 2،2 حکومتیں کر پشن کا الزام لگا کر ختم کی گئی،اس ملک کے جو مسائل ہے ان میں بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے۔ اس کے علاوہ خارجہ پالیسی اور فرقہ واریت بھی ملک کا مسئلہ ہیں۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاناما کیس سے فوج کا کوئی تعلق نہیں،انھوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والے عام انتخا بات میں صرف 30 فیصد ووٹ سیاسی جماعتوں کو ملے باقی 70 فیصد ووٹ برادریوں یا امیدواروں کی ذاتی کوششوں سے ووٹ ملتے ہیں، آج بھی مسلم لیگ (ن) پنجاب کی اکثریت رکھنے والی جماعت ہیں جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا بڑا ووٹ بینک ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جو حقائق ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے عدلیہ نواز شریف کو نااہل قرار نہیں دے گی بلکہ ریفرنس بھیجا جاسکتا ہے، انھوں نے کہا کہ نواز شریف کو نااہل قرار دلانا شیخ رشید اور عمران خان کی خواہش ہوسکتی ہے تاہم نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہے،جمہوریت سے بہتر کوئی نظام نہیں اگر چہ ہر آدمی کو اس سے فائدہ نہیں پہنچتا لیکن زیادہ تر لوگ جمہوریت سے استفادہ حاصل کرتے ہے اور اپنے مسائل کا حل جمہوری حکومتوں کو سمجھتے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔