سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس؛ 1080 بوگیاں تیار کرنے سمیت 15 منصوبے منظور

نمائندہ ایکسپریس  منگل 25 جولائی 2017
کیلاش ویلی روڈتعمیرکرنے کی بھی منظوری،5میگامنصوبے منظوری کیلیے ایکنک کوارسال کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

کیلاش ویلی روڈتعمیرکرنے کی بھی منظوری،5میگامنصوبے منظوری کیلیے ایکنک کوارسال کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سی ڈی ڈبلیوپی نے99.4 ارب روپے سے زائدمالیت کے 15ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ 5میگا منصوبے مزید منظوری کے لیے ایکنک کوبھجوادیے گئے۔

سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا، جس میں سی ڈی ڈبلیو پی نے ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کے شعبے میں 43.8 ارب روپے کے4 منصوبے منظور کیے۔ منصوبوں میں7.3ارب روپے لاگت سے کوئٹہ دادھر این 56سیکشن کی بحالی اور اپ گریڈیشن، 4.7ارب روپے لاگت سے کیلاش ویلی کا47کلومیٹرسے زائد روڈ، 31.1ارب لاگت سے ریلو ے کی830 بوگی فریٹ اور250 مسافر کوچزکی تیاری اور78کروڑ80 لاکھ کی لاگت سے ریلو ے کے ملا زمین کے کوارٹرزکی تیاری کے منصوبے شامل ہیں، اسی طرح فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ کے شعبے میں 36.1 ارب روپے لاگت کاکراچی سیوریج پلان بھی منظور کرلیاگیا، راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ بورڈ کے رہائشی کوپانی کی فراہمی کے لیے 88کروڑروپے کی منظوری دیدی گئی۔

وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہاکہ کراچی سیوریج پلان منصوبہ انوائرمنٹ کیلیے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ اسی طرح سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے صحت کے شعبے میں4.7 ارب کے 2 منصوبوں سمیت گورننس کے شعبے میں 1.65 ارب کے 3 منصوبے منظور کرلیے، سی ڈی ڈبلیو پی نے گورننس کے شعبے میں 60کروڑ روپے لاگت سے پختونخوا میں سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گول یونٹ کے قیام کے منصوبے کی منظوری دی، 70کروڑ روپے لاگت سے پی ایس ڈی پی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے منصوبے کی منظوری دی گئی اسی طرح زراعت کے شعبے میں 73کروڑ90لاکھ روپے لاگت سے نیشنل پیسٹی سائیڈ ریزائیڈسسٹم کا منصوبہ اورتعلیم کے شعبے میں2.9 ارب کا سائنس ٹیلنٹ فارمنگ اسکیم کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔