نیپرا نے بجلی 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  منگل 25 جولائی 2017
بجلی کی قیمت میں کمی سے صارفین کو 25 ارب روپے کا ریلیف ملے گا تاہم کے الیکٹرک اور زرعی صارفین اس سے مستفید نہیں ہوں گے: فوٹو: فائل

بجلی کی قیمت میں کمی سے صارفین کو 25 ارب روپے کا ریلیف ملے گا تاہم کے الیکٹرک اور زرعی صارفین اس سے مستفید نہیں ہوں گے: فوٹو: فائل

 اسلام آباد: نیپرا نے جون کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ 2 روپے 11 پیسے کمی کی منظوری دے دی ہے۔ 

چئیرمین نیپرا طارق ستوزئی کی سربراہی میں  نیپرا میں بجلی کے ٹیرف میں ردو بدل کی سماعت ہوئی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 13 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ جون میں کل 11 ارب 46 کروڑ یونٹ بجلی بنائی گئی اور تقسیم کار کمپنیوں کو 11 ارب 21 کروڑ یونٹ بجلی 52 ارب 62 کروڑ روپے فروخت کی گئی۔ درخواست میں بتایا گیا کہ فی یونٹ بجلی پر فیول لاگت کا تخمینہ 6 روپے 82 پیسے تھا جب کہ فی یونٹ فیول لاگت تخمینے کے مقابلے میں 4 روپے 69 پیسے رہی لہذاٰ جون کے فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی کے نرخوں میں 2 روپے 13 پیسے کئے جائیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے23 پیسے فی یونٹ کمی

نیپرا نے (سی پی پی اے) کی درخواست پر عوامی سماعت کے بعد فیصلہ دیتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی۔ قیمتوں کی کمی سے صارفین کو 25 ارب روپے کا ریلیف ملے گا تاہم نرخوں میں اس کمی کا اطلاق کے الیکٹرک، لائف لائن اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔  اور300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین اس کمی سے مستفید نہیں ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔