بنی گالہ سیاسی یتیموں کا قبرستان بننے جارہا ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)

ویب ڈیسک  منگل 25 جولائی 2017
عمران خان کی سیاست منی ٹریل کے کنویں میں دفن ہونے جارہی ہے، (ن) لیگی رہنماؤں کا بیان: فوٹو : فائل

عمران خان کی سیاست منی ٹریل کے کنویں میں دفن ہونے جارہی ہے، (ن) لیگی رہنماؤں کا بیان: فوٹو : فائل

 اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست منی ٹریل کے کنویں میں دفن ہونے جارہی ہے جب کہ بنی گالہ سیاسی یتیموں کا قبرستان بننے جارہا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان بیرونی قوتوں کےآلہ کار بنے ہوئے ہیں ان کا مقصد ملکی ترقی کے خلاف کام کرنا اور ملک میں انتشارپھیلانا ہے، وزیر اعظم نے تو عدالت کے سامنے نا کچھ چھپایا اور ناہی کوئی غلط بیانی کی لیکن عمران خان کے وکیل بیرونی امداد تسلیم کرچکے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران اپنے والد کی کرپشن کے پیسوں سے باہر پڑھنے گئے

حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان 1 لاکھ 26 ہزار پاؤنڈز کا جواب دینے سے قاصر رہے جب کہ ان کے وکیل اب بن گالہ اراضی پر یوٹرن لے رہے ہیں انہوں نے اراضی سے متعلق جو دستاویزات پیش کیں وہ مصدقہ نہیں ان پر بینک کی جانب سے بھی کوئی تصدیق نہیں کی گئی جب کہ عدالت میں فوٹو کاپی کی کوئی اہمیت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو کنواں کھودا تھا خود اس میں ہی گرگئے آئندہ چند روز میں عمران خان کے خفیہ اکاؤنٹس بھی بتاؤں گا وہ اب نااہل ہونے جارہے ہیں انہیں اب نیند نہیں آئے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عمران خان جان بچانے کے لئے سابقہ بیوی سے ٹویٹ کرواتے ہیں

اس موقع پرطلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان منی ٹریل کے کنویں میں گرنے جارہے ہیں عدالت نے منی ٹریل مانگی وہ منی ٹریل لے آئے اب سپریم کورٹ سے فرار ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہم نے ان کا پکڑنا نہیں بلکہ بھگانا ہے اور ایک ایک پائی کا حساب لینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان تو وہ ہیں جنہوں نے لندن کے میئر کے انتخابات میں ایک یہودی کو سپورٹ کیا، یہ فراڈیئے کپتان ہیں جنہوں نے 25 ہزار ڈالر کی خاطر پاکستان سے کرکٹ چھوڑدی۔

طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے بنی گالہ کی منی ٹریل بھی نہیں دی اب ان کی سیاست منی ٹریل کے کنویں میں دفن ہونے جارہی ہے جب کہ سپریم کورٹ کے باہر لنگر لینے والے سیاسی یتیموں کا قبرستان بنی گالہ میں بنے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سیاسی یتیم سپریم کورٹ میں احتساب کے لئے نہیں اقتدار کے لئے آتے ہیں

دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیانات اور دستاویزات میں تضاد ہے نوازشریف کے خلاف تو جے آئی ٹی بھی کوئی ثبوت نہیں لاسکی جب کہ عمران خان نے تو اپنے اثاثے بھی چھپائے، کیری پیکر کے دور میں تو پاؤنڈز اور ڈالر میں ڈیڑھ گنا کا فرق تھا جب کہ عمران خان کہتے ہیں کہ دونوں میں کوئی فرق نہیں تھا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بلاول بھی عمران خان کی زبان بولنے لگے

دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کے بعد عدالت میں بھی روایتی قلابازیاں کھارہے ہیں انہوں نے فارن فنڈنگ کے حوالے سے بھی جعلی دستاویزات جمع کروائیں قوم کے سامنے ان کا اصلی چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے اب انہیں نیب قوانین کے تحت 12 سال قید ہوگی بھارتی کمپنی سے تنخواہ لینے والے عمران خان  الطاف حسین بھی بدتر ہیں۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔