اسپاٹ فکسنگ کیس؛ خالد لطیف کا ایک بار پھر ٹریبیونل کی کارروائی پر اعتراض

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 26 جولائی 2017
ہماری غیرموجودگی میں گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، وکیل خالد لطیف۔ فوٹو: فائل

ہماری غیرموجودگی میں گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، وکیل خالد لطیف۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کی کارروائی پر اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر خالد لطیف نے اینٹی کرپشن ٹریبیونل کی کارروائی پر اعتراضات اٹھا دیے ہیں، کرکٹر کے وکیل نے ایک بار پھر ٹریبیونل پر عدم اعتماد کرتے ہوئے درخواستیں بھجوا کر مزید کارروائی کی استدعا کی ہے۔ خالد لطیف کی جانب سے ٹریبیونل میں یکطرفہ کارروائی پر اعتراضات کرتے ہوئے بیان حلفی جمع کروایا گیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : خالد لطیف کیس کی ٹرییبونل میں سماعت مکمل

خالد لطیف کے وکیل بدر عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری غیرموجودگی میں گواہان کے بیانات ریکارڈ کئے گئے اور گواہان پر جرح کا موقع نہ دے کر ہمارا کیس کمزور کیا گیا، اس لیے گواہان پر جرح کی اجازت طلب کی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : اسپاٹ فکسنگ میں معطل کرکٹر خالد لطیف کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد

واضح رہے کہ خالد لطیف اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ ٹریبیونل کا بائیکاٹ کر چکے ہیں، انہوں نے ٹریبیونل کی تشکیل کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں رٹ بھی دائر کی تھی، سنگل بنچ کی جانب سے درخواست مسترد ہونے پر ڈویژنل بنچ میں بھی درخواست دائر کی تھی لیکن وہاں بھی ان کی درخواست کو رد کر دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔