’’ہمارا دوست ‘‘

عبدالقادر حسن  جمعرات 27 جولائی 2017
Abdulqhasan@hotmail.com

[email protected]

مسلمان ملکوں کا ہر فرد سپاہی کا کردارادا کرتا ہے بلکہ وہ پیدائشی ہی سپاہی ہوتا ہے۔ مسلمان ملکوں کے عوام بھی سپاہی کا کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کے لیے مشکل حالات میں جہاد کو لازم قرار دیا گیا ہے اس نسبت سے وہ پیدائشی طور پر فنِ سپاہ گری سے منسلک ہوتے ہیں اور جب ضرورت کا وقت ہوتا ہے تو وہ اس فن میں مہارت حاصل کر کے اپنے ملک کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔

ہم جن مشہور مسلمان سپاہیوں کو جانتے ہیں وہ بھی بنیادی طور پر سپاہی ہی تھے جن میں خالد بن ولید بھی شامل تھے  وہی خالد بن ولید جن کو جب اقتدار سے محروم کیا گیا تو وطن واپسی پر بندھے ہاتھوں سفر کے دوران جب ایک سرائے میں قیام کیا اور وہاں پر لوگوں نے اپنے امیر کو اس حالت میں دیکھا تو ان سے ہمدردی کے اظہار میں گفتگو شروع کردی جس کے دوران جن سپاہیوں کی حفاظت میں ان کو وطن واپس لے جایا جا رہا تھا کہ خلیفہ وقت کے سامنے پیش کیا جا سکے تو انھی میں سے کسی سپاہی نے کہا کہ امیر آپ کی گفتگو سے بغاوت کی بو آرہی ہے تو مسلمانوں کے عظیم سپہ سالار حضرت خالد بن ولید نے وہ مشہور جملہ کہا کہ جب تک عمرؓ زندہ ہیں بغاوت نہیں ہو سکتی۔ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے اسلام اور اس کے اقتدار کو مستحکم کیا، دنیا بھر میں فتوحات کے جھنڈے گاڑے اور ایسے کارنامے سر انجام دیے جن کی ہم آج تک مثالیں دیتے ہیں۔

اسلامی لشکروں کی فتح کی ہوشرباء داستانیں ہم نے کتابوں میں پڑھی ہیں اور ان پر آج تک شادماں رہتے ہیں اور ان فتوحات کی مثالیں ہماری زندگی کا حصہ بن چکی ہیں ان کے بغیر اسلامی تاریخ نامکمل لگتی ہے۔

پاکستانی فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے جماندرو اتحادی امریکا سے یہ گلہ کیا ہے کہ ’’پاکستان کے کردار کو امریکا اور افغانستان کی جانب سے داغدار کیا جا رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ہماری قربانیوں کو پس پشت ڈالا جا رہا ہے اور یہ کوئی اور نہیں کر رہا بلکہ ہمارے اتحادی ہی کر رہے ہیں یہ کوئی محض اتفاق نہیں ‘‘۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اگر اس خطے میں کسی ملک کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے تو وہ پاکستان ہے جس کو نہ چاہتے ہوئے بھی اس عالمی جنگ میں گھسیٹا گیا اور ہم نے اپنے ہمسایہ اور برادر ملک افغانستان میں امریکا کی جنگ لڑی جس کا ناقابل تلافی نقصان ہم آج بھی بھگت رہے ہیں اور نہ جانے کب تک بھگتتے رہیں گے کہ ہم اب اس سے اپنے آپ کو کسی صورت میں الگ نہیں کر سکتے کہ جنگ اب سے نہیں کئی دہائیوں سے لڑی جا رہی ہے اور اس کے خاتمے کے آثار دور دور تک نظر نہیں آرہے۔

مجھے یاد پڑتا ہے کہ امریکا پر حملوں سے چند سال پہلے میر ے محترم اورروحانی شخصیت قبلہ سرفراز شاہ صاحب نے میری درخواست پر پاکستان کے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی ایک گفتگو میں مجھے بتایا تھا کہ وہ پاکستان کے شمالی طرف کے علاقوں میں چھوٹی چھوٹی داڑھیوں والے گروہ دیکھ رہے ہیں جن کی وجہ سے بہت خون بہے گا لیکن پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آئے گی اور وہ پاکستان کی ترقی دیکھ رہے ہیں ۔ میں نے ان کی یہ بات پلے باندھ لی اور قوم کو ہمیشہ اپنی تحریروں کے ذریعے مثبت پیغام دیا اور اچھے دنوں کی آس دلائی ۔ محترم قبلہ سرفراز شاہ صاحب کی یہ پیشن گوئی چند سال بعد پوری ہوگئی اور دنیا نے دیکھا شمالی علاقوں میں امریکا بہادر کی جانب سے خون کی ندیاں بہا دی گئیں اور پاکستان کو بھی پتھر کے زمانے میں پہنچانے کی دھمکی سے اس میں زبردستی شامل کر دیا گیا جس کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں۔

ہمارے سپہ سالار کا گلہ بجا ہے کہ ہم نے امریکا کی مسلط کی ہوئی جنگ میں اپنا زبردست نقصان کیا اور ہمارے شمالی علاقوں کے رہنے والے ہمارے پختون بھائی ہم سے ناراض ہوگئے جو کہ ہمیشہ ہمارے دفاع پر کمر بستہ رہتے تھے ۔پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی امریکا کے منصوبہ سازوں کی یہ سوچی سمجھی سازش ہے جو کہ وقت کے ساتھ سامنے آرہی ہے اور ہمارے ہزاروں پاکستانیوں شہریوں اور مسلح افواج کے جوانوں اور افسروں کی شہادت کو بھی قبول نہیں کیا جا رہا ہے اور ہم پر ہمارے ہی اتحادیوں کی جانب سے الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے کہ ہم دہشت گردی کی اس جنگ میں بھر پور تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

آئے روز ملک کے کسی نہ کسی حصے میں بم دھماکے ہمارا مقدر بن چکے ہیں جن میں ہمارے بے گناہ اور معصوم شہریوں کا خون ناحق بہایا جا رہا ہے یہ سب اسی مسلط کی گئی جنگ کا شناخسانہ ہے جس کو ہم چار و ناچار بھگت رہے ہیں اور دہشت گردی کے اس ناسور کو شکست دینے کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود اپنے شہریوں کی لاشیں اٹھانے پر مجبور ہیں ۔ ہماری افواج اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے وطن کو محفوظ بنانے میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ شر پسند عناصر اپنے بیرونی آقاؤں کی شہ پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناپاک سازش میں ان کا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں اوریہ بیرونی طاقتیں ہم سے ڈھکی چھپی نہیں اور ان کا سرغنہ ہمارا ہمسایہ ہندوستان ہے جو کوئی ایسا موقع نہیں جانے دیتا جس سے پاکستان میں خلفشار برپا کیا جا سکے اور اب ہندوستان ہمارے ہمسایہ اسلامی ملک افغانستان جس کے لاکھوں باشندوں کی ہم پچھلے کئی دہائیوں سے مہمان نوازی کر رہے ہیں کو پاکستان کے خلاف بھڑکا کر استعمال کرنے کی کوشش کر رہاہے تا کہ پاکستان کو چاروں طرف سے گھیر کر ملک میں انارکی پھیلائی جاسکے۔

دشمن ہندوستان کی یہ مذموم کوششیں وقتی طور پر تو پاکستان کی داخلی سلامتی میں گڑ بڑ پیدا کر سکتی ہیں لیکن ہماری بہادر افواج اپنے سینوں پر شہداء کے تمغے سجائے ہندوستان کی ان ناپاک کوششوں کا جوانمردی سے مقابلہ کر رہی ہیں اور اس کے پاکستان دشمن ارادوں کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کر رہی ہیں کیونکہ افواج پاکستان نے اسلام کے نام پر بنائے گئے اس ملک کی حفاظت کی قسم کھائی ہے اور ہماری اسلامی فوج اسلامی بم کے ساتھ دشمن کے واروں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر دم تیار ہے۔ لیکن کیا ہم دوستوں کا امتحان لینا ضروری سمجھتے ہیں۔ افغانی عوام ہمارے دوست ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔