ملک کرکٹ سے محروم،اسٹیڈیمز پر دولت لٹانے کا فیصلہ

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 27 جولائی 2017
نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر ومرمت پر ایک ارب سے زائد رقم خرچ ہوگی،ٹینڈرز جاری
فوٹو: فائل

نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر ومرمت پر ایک ارب سے زائد رقم خرچ ہوگی،ٹینڈرز جاری فوٹو: فائل

 لاہور:  انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی سے محروم اسٹیڈیمز پر دولت لٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا،نیشنل اسٹیڈیم کی تعمیر ومرمت پر ایک ارب سے زائد رقم خرچ کی جائیگی، اس ضمن میں ٹینڈرز دوبارہ جاری کر دیے گئے، منصوبہ مکمل کرنے میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیز بڈز 9اگست تک جمع کرائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی میدان طویل عرصے سے انٹرنیشنل میچز کی میزبانی سے محروم ہیں،  فوری طور پر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا امکان بھی نظر نہیں آ رہا، مگر پی سی بی نے میگا پروجیکٹس پر بھاری دولت لٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر ومرمت پر ایک ارب 60لاکھ روپے خرچ کیے جائینگے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹر انفرا اسٹرکچر اور رئیل اسٹیٹ کی جانب سے دوبارہ ٹینڈرز جاری کر دیے گئے، اشتہار میں کہا گیا ہے کہ منصوبہ مکمل کرنے میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیزضروری معلومات کیلیے رابطہ کرنے کے ساتھ اسٹیڈیم میں مجوزہ کام کا معائنہ بھی کرسکتی ہیں۔

بڈز کیلیے ضروری کاغذات کا سیٹ پی سی بی ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم یا جنرل منیجر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے دفتر سے 10 ہزارکے بینک ڈرافٹ یا پے آرڈر (ناقابل واپسی) کے عوض حاصل کیے جا سکتے ہیں،خواہشمند پارٹیز کی ایک میٹنگ 2اگست کو ہوسکتی ہے، امیدوار اپنی پیشکش 9اگست تک جمع کرائیں گے، اسی روز قذافی اسٹیڈیم کے بورڈ روم میں تکنیکی پرپوزل میں کامیاب کمپنیز کا اعلان کرتے ہوئے بڈزبھی کھولی جائیں گی۔ یاد رہے کہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میدان کی حالت بہتر بنانے کا کام پہلے ہی شروع کیا جا چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔