بورڈ نے اکرم رضاکی پابندی ختم کرنے کاارادہ کرلیا

سلیم خالق  جمعرات 27 جولائی 2017
2013میں امپائرنگ چھوڑ دی،اب کوچنگ کرنے کے خواہشمند ہیں، پی سی بی
 فوٹو: اے پی

2013میں امپائرنگ چھوڑ دی،اب کوچنگ کرنے کے خواہشمند ہیں، پی سی بی فوٹو: اے پی

 کراچی: پی سی بی نے امپائر اکرم رضا پر سے پابندی ختم کرنے کاارادہ کر لیا، اس بارے میں حتمی فیصلہ جمعے کو لاہور میں گورننگ بورڈ اجلاس کے دوران کیا جائے گا،وہ 2011میں آئی پی ایل میچ پر سٹے بازی کے الزام میں 6 جواریوں کے ساتھ لاہور میں گرفتار ہوئے تھے، بطور کرکٹر بھی جسٹس قیوم کی میچ فکسنگ رپورٹ میں ان پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی امپائر اکرم رضا پر عائد پابندی ختم کرنے کا حتمی فیصلہ جمعے کو لاہور میں گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران کرے گا،52 سالہ سابق ٹیسٹ آف اسپنر کو مئی 2011ء میں لاہور میں آئی پی ایل میچز پر سٹے بازی کے الزام میں 6 جواریوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، اس وقت وہ ڈومیسٹک میچز میں امپائرنگ کرتے تھے، پی سی بی نے انھیں امپائرنگ پینل سے فارغ کر دیا تھا، عدالت میں ایک برس تک کیس چلنے کے بعد انھیں بورڈ نے بحال کیا، 2013میں آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کیلیے نامزدگی نہ ہونے پر غصے میں آکر انھوں نے پریس کانفرنس کی اور بورڈ حکام کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، ساتھ آئندہ امپائرنگ نہ کرنے کا بھی اعلان کیا جس کے بعد دوبارہ پابندی لگ گئی تھی۔

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ اکرم رضا کی پابندی ختم کرنے پر غور جاری ہے، انھیں گورننگ بورڈ نے آئندہ ذمہ داری نہ سونپنے کا فیصلہ کیا تھا اور اب وہی اسے واپس لے گا، ترجمان نے مزید کہا کہ اکرم رضا اب امپائرنگ میں مزید دلچسپی نہیں رکھتے اور بطور کوچ کیریئر شروع کرنا چاہتے ہیں مگر اس کے لیے بورڈ کی پابندی ختم ہونا ضروری ہے۔ یاد رہے کہ اکرم رضا نے 9 ٹیسٹ اور 49 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز پایا تھا، وہ ان 6 کھلاڑیوں میں بھی شامل تھے جن پر 2000ء میں جسٹس قیوم کی میچ فکسنگ رپورٹ پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔