ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 14 کروڑسے تجاوز کرگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جولائی 2017
موبائل فونزکی چوریاں کم کرنے کےلیے نیا سسٹم لایا جا رہا ہے،چیئرمین پی ٹی اے فوٹو: فائل

موبائل فونزکی چوریاں کم کرنے کےلیے نیا سسٹم لایا جا رہا ہے،چیئرمین پی ٹی اے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے چیرمین اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد 14 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ سالانہ 74 ہزار ٹیرا بائیٹ ڈیٹا استعمال ہو رہا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پبلک اکاؤنتس کمیٹی کے اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے چیرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 5 سب میرین کیبلز کام کررہی ہیں اور سالانہ 74 ہزار ٹیرا بائیٹ ڈیٹا استعمال ہورہا ہے، سی پیک کے تحت راولپنڈی سے خنجراب تک 820 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک کیبل بچھائی جا رہی ہے، اس وقت ملک کے 72 فیصد سے زائد حصے میں ٹیلی کام سروسز دستیاب ہیں، ملک میں موبائل صارفین کی تعداد 14 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ موبائل کمپنیوں کو مشترکہ ٹاورزاستعمال کرنے کا پابند بنایا جائے گا۔

اسماعیل شاہ نے کہا کہ ملک میں اوبراور کریم ٹیکسی سروس کی کامیابی موبائل براڈ بینڈ کی مرہون منت ہے، ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ جدید ٹیکسی سروس سے عام ٹیکسی ڈرائیورمتاثرہورہے ہیں، جلد ہی عام ٹیکسی ڈرائیورزکو بھی اس سروس میں شمولیت کا موقع دیا جائے گا۔

چوری شدہ موبائل فون کے دوبارہ استعمال کے حوالے سے اسماعیل شاہ نے کہا کہ موبائل فونزکی چوریاں کم کرنے کے لیے نیا سسٹم لایا جا رہا ہے، جس کے فعال ہونے کے بعد چوری شدہ موبائل فون آئی ایم ای آئی نمبربدلنے سے بھی استعمال نہیں ہو سکے گا۔

اجلاس میں صورت حال اس وقت انتہائی غیرسنجیدہ ہوئی جب مسلم لیگ (ن) رکن سینیٹر چوہدری تنویر نے چیرمین پی ٹی اے سے پوچھا کہ دنیا کے کئی ممالک اب 10 جی استعمال کررہے ہیں ہم کب تک 4 جی پرہی رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔