پاکستان پر الزام تراشیاں دہشت گردی کے خلاف کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں، دفترخارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جولائی 2017
آپریشن ضرب عضب، ردالفساد اور خیبرفور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عزم کی عکاس ہیں، ترجمان دفترخارجہ : فوٹو: فائل

آپریشن ضرب عضب، ردالفساد اور خیبرفور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عزم کی عکاس ہیں، ترجمان دفترخارجہ : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان الزام تراشیوں پر یقین نہیں رکھتا الزام تراشیوں کا سلسلہ خطے میں قیام امن اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں۔ 

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں گزشتہ 70 سالوں میں لاکھوں کشمیریوں کو شہید کردیا گیا اور بھارتی مظالم کا حالیہ سلسلہ تاریخ میں طویل ترین سلسلہ ہے ان مظالم کے ذریعے تحریک آزادی کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور آزادی کی اس تحریک کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی بھی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  بھارتی فوجیوں نے وادی میں پیلٹ گنز استعمال کرکے 8 ہزار بے گناہ کشمیریوں کو بینائی سے محروم کردیا پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کی جانب سے جاری بربریت کی ہمیشہ مذمت کی وزیراعظم نوازشریف نے بینائی متاثر ہونے والے کشمیریوں کے پاکستان یا یورپ کے اسپتالوں میں علاج کرانے کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت نے اس پیشکش کو بھی مسترد کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کشمیریوں کی حمایت کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا ناانصافی ہے

نفیس زکریا نے کہا کہ ہندو انتہاپسندوں نے سمجھوتہ ایکسپریس پر حملہ کرکے متعدد بے گناہ پاکستانی شہریوں کو شہید کردیا اور پھر بھارتی حکومت نے سمجھوتہ ایکسپریس کیس کی نوعیت ہی بدل دی جب کہ اس معاملے پر بھارت نے پاکستان سے بھی معلومات کا تبادلہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں گزشتہ دنوں بھی ایک مسلمان کو گھسیٹ کر سڑک پر سرعام قتل کردیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر عام ہوچکی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے پاکستان بھارت میں ہونے والے تمام مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان الزام تراشیوں پر یقین نہیں رکھتا الزام تراشیوں کا سلسلہ قیام امن اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہے پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں جس کی امریکا سمیت تمام عالمی برادری متعرف ہے پاکستان فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز رنگ و نسل کارروائیاں کیں آپریشن ضرب عضب، ردالفسار اور خیبرفور پاکستانی عزم کی عکاس ہیں۔

نفیس زکریا نے مزید کہا کہ افغان میڈیا میں بیرونی عناصر پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرتے ہیں جب کہ پاکستان نے ناصرف افغان شہریوں کو اپنے ملک میں پناہ دی بلکہ اپنے تعلیمی اداروں میں افغان نوجوان نسل کو تعلیم کے مواقع دیئے اس وقت بھی 3 ہزار افغان طلبا اسکالر شپ پر تعلیم حاصل کررہے ہیں جب کہ 50 ہزار سے زائد نوجوان پاکستان میں تعلیم حاصل کرکےافغان اداروں میں برسرروزگار ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔