الارم اور خفیہ کیمرے والا محفوظ ترین بٹوا

ویب ڈیسک  جمعـء 28 جولائی 2017
والٹرمین کا والٹ اسمارٹ فون چارج کرنے والا پاور بینک بھی ہے۔ فوٹو: بشکریہ والٹرمین ویب سائٹ

والٹرمین کا والٹ اسمارٹ فون چارج کرنے والا پاور بینک بھی ہے۔ فوٹو: بشکریہ والٹرمین ویب سائٹ

آرمینیا: آرمینیا کی ایک کمپنی نے ایسا جدید ترین بٹوا (والٹ) تیار کیا ہے جو محفوظ ہونے کے ساتھ خفیہ کیمرے، الارم اور جی پی ایس ٹریکر جیسی ٹیکنالوجی سے بھی لیس ہے۔ اس طرح یہ دنیا کا پہلا بٹوا ہے جسے ہرممکن طور پر چوری اور گمشدگی سے بچانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

آرمینیا کی کمپنی والٹرمین کے مطابق اور اس بٹوے کو اصل مالک کے علاوہ جیسے ہی کوئی اور کھولتا ہے تو کیمرہ فورا اس کی تصویر بنا کر اصل مالک کو بھیج دیتا ہے۔ چمڑے سے بنا یہ چھوٹا سا والٹ ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے جس میں 512 ایم بی ریم، خفیہ کیمرہ، پاور بینک، جی پی ایس ٹریکر، الارم، آر ایف آئی ڈی ٹریکر اور وائی فائی تلاش کرنے والا نظام بھی موجود ہے۔ پاور بینک سے آپ اپنے موبائل آلات بھی چارج کر سکتے ہیں۔

ایک مرتبہ آپ اپنے فون کو والٹ سے کنیکٹ کردیں تو جیسے ہی آپ کے اور والٹ کے درمیان  دوری بڑھے گی اس کی اطلاع آپ کے اسمارٹ فون تک الارم کی صورت پہنچ جائے گی۔ اسی طرح اگر آپ اپنا فون بھول جاتے ہیں یا اس سے دور ہو جاتے ہیں تو والٹ الارم بجا کر اس کی اطلاع دیتا ہے۔

گلوبل جی پی ایس ٹریکر کے ذریعے آپ پوری دنیا میں اپنا فون تلاش کر سکتے ہیں۔ آر ایف آئی ڈی سسٹم سے کریڈٹ کارڈ اور پاسپورٹ وغیرہ کی چوری اور کلوننگ بھی ناممکن ہے کیونکہ والٹ کا اسمارٹ آر آئی ڈی سسٹم اس عمل کی حفاظت کرتا ہے۔

بٹوے کی ایک اور عمدہ خاصیت اس میں موجود پاوربینک ہے جو 2000 سے 5000 ایم اے ایچ گنجائش کا حامل ہے اور اسمارٹ فون کی وائرلیس چارجنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس میں موجود وائی فائی ہاٹ اسپاٹ 98 ممالک میں وائی فائی سہولیات فراہم کرتا ہے اور وہ بھی 10 گنا کم قیمت پر۔

اس میں نصب جدید فرنٹ کیمرہ مالک کے علاوہ کسی دوسرے شخص کی تصویر لے کر اصل مالک کو روانہ کر دیتا ہے۔ اس طرح والٹ کی حفاظت کا یہ ایک بہترین حل بھی ہے۔ کمپنی کی جانب سے بٹوے کی کم از کم قیمت 145 ڈالر (یعنی تقریبا 15 ہزار روپے پاکستانی) رکھی گئی ہے۔

والٹرمین نے اپنی اس انوکھی ایجاد کی فنڈنگ کے لیے انٹرنیٹ کراؤڈ فنڈنگ کا فیصلہ کیا ہے اور پہلے وہ 45 ہزار ڈالر جمع کرنا چاہتے تھے لیکن ڈیڈلائن سے 6 دن قبل ہی وہ قریباً 7 لاکھ ڈالر جمع کر چکے ہیں۔ توقع ہے کہ والٹ کی اس سال دسمبر سے فراہمی شروع ہو جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔