حیدرآباد میں صفائی کی ابترصورتحال کانوٹس لیاجائے

سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں اورکرپشن نے بلدیاتی اداروں کو تباہ کردیا،رہنما عوامی نیشنل پارٹی


Numainda Express August 03, 2012
سیاسی بنیادوں پر بھرتیوںاورکرپشن نے بلدیاتی اداروںکو تباہ کردیا،رہنما عوامی نیشنل پارٹی

BARCELONA: حیدرآباد میں صفائی کی ابتر صورتحال پر مختلف جماعتوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر جاوید خان پٹھان نے کہا ہے کہ ایک طرف بلدیاتی اداروں میں منظور شدہ تعداد سے زائد لوگوںکوکرپشن اور سیاسی بنیادوں پر بھرتی کرنے سے یہ ادارے مالی طور پر تباہ ہو رہے ہیں اور مستقل ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے فنڈز نہیں ہیں تو دوسری جانب سیاسی کارکنوں کو سیکڑوں کی تعداد میں بطور سینیٹری ورکرز بھرتی کر کے شہر میں صفائی کے نظام کوتباہ کردیا گیاہے۔

جس کی وجہ سے ماہ رمضان میں ہر جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر نظر آ تے ہیں۔ایک بیان میں انھوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بلدیاتی اداروں میں کرپشن، لوٹ کھسوٹ اور بے قاعدگیوں پر حکومت تو سیاسی وجوہات کی بنیاد پر شاید بے بس ہے۔

لیکن آڈٹ، اینٹی کرپشن اور نیب جیسے ادارے بھی مجرمانہ خاموشی اختیارکیے ہوئے ہیں ۔انھوں نے صوبائی وزیر آغا سراج درانی اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیاکہ وہ بلدیاتی اداروں میں منظور شدہ تعداد سے زائد بھرتیوں اورکھلے عام بدعنوانیوں کی تحقیقات کراکے ان اداروںکو بچائیں اور حیدرآباد میں گندگی کا نوٹس لیں۔دوسری جانب انجمن تاجران سندھ نے ایڈمنسٹریٹر کو ایک کھلا خط بھیجا ہے۔

جس میں اس بات پر افسوس کا اظہارکیا گیاکہ بلدیہ کے عملے نے معمول کے مسئلے کو جواز بناکر ماہ رمضان میں شہرکو کچرے کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل کردیا ہے جس پر تاجر نہایت افسوس کا اظہارکرتے ہیں،اس لیے صحت و صفائی کے عملے کو برطرف کر کے نیا عملہ بھرتی کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں