موجودہ گورنگ بورڈ آج آخری بار ’’ربڑ اسٹیمپ‘‘ بنے گا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 جولائی 2017
نئے ممبرزکی شمولیت کے طریقہ کار پر بات ہوگی، بجٹ کی منظوری ایجنڈے میں شامل۔ فوٹو: فائل

نئے ممبرزکی شمولیت کے طریقہ کار پر بات ہوگی، بجٹ کی منظوری ایجنڈے میں شامل۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پی سی بی کا موجودہ گورننگ بورڈ جمعے کوآخری بار’’ربڑاسٹیمپ‘‘ بنے گا۔

پی سی بی گورننگ بورڈ کا 45واں اجلاس جمعے کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا،ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں ڈرافٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے جس کے تحت ریجنل ٹیموں میں صرف 8 مقامی کرکٹرز شامل ہونگے، دیگر 12 کا انتخاب ڈرافٹ سسٹم کے ذریعے کیا جائے گا، توقع ہے کہ میٹنگ میں بعض ایسوسی ایشنز اس حوالے سے آواز اٹھائیں گی تاہم پھر بھی منظوری مل جائے گی۔

گورننگ بورڈ کی میٹنگ میں چیئرمین پی سی بی شہریارخان اپنی رپورٹ پیش کریں گے، سابق سفارتکار کے عہدے کی مدت ختم ہورہی ہے، یوں انھیں آخری بار اجلاس کی صدارت کا موقع ملے گا، نئے مالی سال 2017/18کیلیے سالانہ بجٹ بھی پیش کیا جائے گا، ڈومیسٹک افیئرز اور گیم ڈیولپمنٹ کمیٹیز اپنی رپورٹس پیش کریںگی، موجودہ گورننگ بورڈ ارکان کی تین سالہ مدت ختم ہو رہی ہے اور وہ آخری بار اجلاس میں شامل ہوں گے، اس موقع پر نئے ارکان کی شمولیت کے طریقہ کار پر بات ہو گی۔

روٹیشن پالیسی کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی،کراچی اور پشاورکی رکنیت ختم ہوگی، ان کی نشستیں لاہور، سیالکوٹ، کوئٹہ اور فاٹا کے سنبھالنے کی باری ہے۔ ڈپارٹمنٹس میں واپڈا اور یوبی ایل برقرار رہیں گے،نیشنل بینک اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کی جگہ حبیب بینک اور سوئی سدرن گیس کو ملے گی، ڈومیسٹک وینیوز اور پچز کی اپ گریڈیشن،کوچز اور معاون اسٹاف کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے،چاغی اور پاکپتن ڈسٹرکٹ کو ایسوسی ایٹ ممبر بنائے جانے کی منظوری بھی دی جائے گی، ارکان کو پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا جائے گا، ماضی میں گورننگ بورڈ کے ارکان ربڑ اسٹمپ کا کردار ادا کرتے ہوئے قبل ازیں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کرتے رہے ہیں،اس بار بھی کچھ مختلف ہونے کی توقع نہیں کی جارہی۔

چیئرمین پی سی بی شہریارخان سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی بورڈ سے زرتلافی طلب کرنے کیلیے کارروائی کا عندیہ دے چکے، وکلا کو کیس تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے، جی ایم لیگل غیرملکی فرم کے ساتھ رابطے میں بھی ہیں، کیس آئی سی سی کی تنازعات حل کرنے والی کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا، اس حوالے سے ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی رخصتی کے بعد نجم سیٹھی ان کی جگہ لینے کیلیے تیار بیٹھے ہیں،چیف پیٹرن وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے انھیں دوبارہ  گورننگ بورڈ کا رکن نامزد کردیا گیا ہے،الیکشن کی رسمی کارروائی باقی ہے، ایجنڈے کا حصہ نہ ہونے کے باوجود نجم سیٹھی کے حوالے سے ارکان کو اعتماد میں لینے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ سالانہ جنرل میٹنگ میں خلاف معمول گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی قرار داد منظور کرا دی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔