کوچ نے سرفراز احمد پر تعریف کے پھول نچھاور کر دیے

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 28 جولائی 2017
پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے سبب سب سے بڑا نقصان نوجوان کرکٹرز کو ہورہا ہے، ہیڈکوچ۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے سبب سب سے بڑا نقصان نوجوان کرکٹرز کو ہورہا ہے، ہیڈکوچ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  مکی آرتھر نے کہا ہے کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کپتان کی کارکردگی میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ نے بی بی سی کوانٹرویو میں کہاکہ سرفراز احمد جارحانہ حکمت عملی اور انداز اختیار کرنے والے کرکٹر ہیں، وہ حریف ٹیم کیخلاف جارحانہ انداز پسند کرتے ہیں اور آج کل کی کرکٹ میں اسی کی ضرورت ہے، سرفرازآنے والے دنوں میں مزید بہتر سے بہتر ہوتے جائیں گے۔

آرتھر نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ نے نوجوان کرکٹرز کے اعتماد میں بہت زیادہ اضافہ کیا، فخر زمان کو برینڈن میک کولم اور جیسن روئے کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا،اسی طرح شین واٹسن اور بریڈ ہیڈن کے ساتھ کھیل کر شاداب خان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ کوچ نے توقع ظاہر کی کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا معیار انٹرنیشنل مقابلوں کے قریب آنے سے دیگر کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔

آرتھر نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم نے جس انداز کی کرکٹ کھیلی وہ قابل تعریف ہے،اس جیت کے بعد اب ہم بڑے اعتماد سے ورلڈ کپ کی منصوبہ بندی اور اپنے کھلاڑیوں کو مناسب وقت اور مواقع دے سکتے ہیں، اس سے وہ خود کو میگا ایونٹ کیلیے تیار کرسکیں گے، چیمپئنز ٹرافی کی جیت نے ہمیں خوداعتمادی دی ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے سبب سب سے بڑا نقصان نوجوان کرکٹرز کو ہورہا ہے جو غیرملکی اسٹارز کو اپنے سامنے دیکھ نہیں رہے اور انھیں سیکھنے کا موقع نہیں مل رہا، مگر کرکٹ بورڈ اپنے طور پر سونے میدان آباد کرنے کی ہرممکن کوشش کررہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔