عامر ناقدین کی سوچ کارکردگی سے تبدیل کرنے پر مسرور

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 28 جولائی 2017
روہت شرماکی طرف سے عام بولر قرار دیے جانے کا بُرا نہیں منایا، پاکستانی پیسر۔ فوٹو : فائل

روہت شرماکی طرف سے عام بولر قرار دیے جانے کا بُرا نہیں منایا، پاکستانی پیسر۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  محمد عامر ناقدین کی سوچ کارکردگی سے تبدیل کرنے پر مسرور ہیں۔

ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو میں محمد عامرسے سوال کیا گیا کہ کم بیک پر کئی سابق کرکٹرز تاحیات پابندی کا مطالبہ کررہے تھے لیکن اب ناقدین میں کمی آنے پر کیا محسوس کرتے ہیں، جواب میں پیسر نے کہا کہ کسی کی سوچ تبدیل کرنے کا واحد راستہ اچھی کارکردگی ہے، خوشی ہے کہ اس کوشش میں کامیاب رہا۔

پیسر نے کہا کہ ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرنے کی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتا ہوں، میدان کے اندر اورباہر خود کو بہتر شخصیت وکرکٹر کے طور پر پیش کرتے ہوئے اپنا کیریئر آگے بڑھائوں گا۔

ایک سوال پر محمد عامر نے کہا کہ ویرات کوہلی دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں، ان کی جانب سے عزت افزائی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں،چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ کے دوران بھی انھوں نے مجھے بیٹ تحفے میں دیا، پیسر نے کہا کہ روہت کی طرف سے عام بولر قرار دیے جانے کا بُرا نہیں منایا،یہ ان کی اپنی رائے ہوسکتی ہے، میرے خیال میں وہ بہترین بیٹسمین ہیں،میں ان کا احترام کرتا ہوں۔

عامر نے مزید کہا کہ فاتح اسکواڈ کیلیے تقاریب کا حصہ نہ بن پانے کا افسوس ہے لیکن کائونٹی کرکٹ میں شرکت کیریئر میں کچھ سیکھنے کا موقع تھا اس لیے تھوڑی قربانی دینا پڑی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔