بھارت نے گال ٹیسٹ پر گرفت مضبوط کرلی

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 28 جولائی 2017
بھارت نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 189 رنز بناتے ہوئے 498 رنز کی برتری حاصل کرلی ۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارت نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 189 رنز بناتے ہوئے 498 رنز کی برتری حاصل کرلی ۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارت نے گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف پوزیشن مستحکم کرلی، دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 189 رنز بناتے ہوئے 498 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بناتے ہوئے مجموعی طور پر 498 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بارش کے باعث تقریبا ڈیڑھ گھنٹے کا کھیل متاثر ہوا، ابھینو مکند نے 81، چتیشور پجارا نے 15 جب کہ شیکھر دھون 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، کپتان ویرات کوہلی 76 رنز پر ناٹ آﺅٹ ہیں ۔ سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا، دلروان پریرا اور دنوشکا گوناتھیلاکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پہلی اننگز میں پوری ٹیم 600 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ شیکھر دھون 190، چتیشور پجارا 153، اجنکیا راہنے 57، ہردیک پانڈیا 50اور روی چندرن ایشون 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے نوان پردیپ نے 6، لاہیرو کمارا نے 3 جب کہ رنگنا ہیراتھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز پر ڈھیر ہوگئی، دلروان پریرا 92 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے، اینجلو میتھیوس نے 83 اور اپل تھرنگا نے 64 رنز اسکور کیے۔ بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجا نے 3، محمد شامی نے 2 جب کہ امیش یادیو، ایشون اور ہردیک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔