پاناما لیکس میں نواز شریف کو جانا پڑا بھارت میں کب احتساب ہوگا، راہول گاندھی

ویب ڈیسک  اتوار 30 جولائی 2017
مودی نے کشمیر ، بنگال ہریانہ ہر جگہ نفرت کی آگ بھڑکادی،، راہول گاندھی۔ فوٹو: فائل

مودی نے کشمیر ، بنگال ہریانہ ہر جگہ نفرت کی آگ بھڑکادی،، راہول گاندھی۔ فوٹو: فائل

چھتیس گڑھ: بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے پاناما لیکس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ریاست چھتیس گڑھ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت پاناما لیکس کی تحقیقات میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی اور اس کی پالیسیوں کا مقصد صرف عوام کے وسائل چرانا ہے۔

کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ گزشتہ دنوں پاناما لیکس میں نام آنے کی وجہ سے پاکستان کے وزیراعظم کو بھی عہدہ چھوڑنا پڑا، جہاں قانون کام نہ کرے وہاں ایکشن لینا پڑتا ہے، چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ رامن سنگھ کا نام بھی پاناما لیکس میں آیا ہے، مودی ویسے تو آئے روز کرپشن کے خلاف لمبی لمبی تقریریں کرتے رہتے ہیں لیکن انہیں اپنا وزیراعلیٰ نظر نہیں آتا۔

راہول گاندھی نے کہا کہ مودی کی جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس نے ملک میں نفرت کو فروغ دیا لیکن چھتیس گڑھ میں جاری مظالم پر خاموشی اختیار کرلی۔ راہول نے کہا کہ بی جے پی جہاں جاتی ہے لوگوں کو آپس میں لڑاتی ہے، مودی نے جموں و کشمیر میں، بنگال میں اور ہریانہ میں نفرت کی آگ بھڑکادی، چھتیس گڑھ میں عورتوں پر حملے کیے جارہے ہیں لیکن وزیراعظم کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔