کچن ٹپس

شاہدہ ریحانہ  پير 31 جولائی 2017
تانبے کے برتنوں کو نمک، سرکہ ملا کر صاف کریں۔ فوٹو: نیٹ

تانبے کے برتنوں کو نمک، سرکہ ملا کر صاف کریں۔ فوٹو: نیٹ

٭ریفریجریٹر، فریج، ڈیپ فریزر کو ڈی فراسٹ کرکے ایک اسفنج کو سرف اور سوڈا ملے پانی میں ڈبوکر اس سے اندر باہر سے خوب اچھی طرح صاف کریں، پھر صاف کپڑے سے خشک کریں اور آدھے گھنٹے تک دروازے کو کھلا رکھیں۔ اب ایک کٹوری میں کھانے والا میٹھا سوڈا ڈال کر فریج والے خانے میں رکھ دیں اور فریج کو اسٹارٹ کردیں۔ یہ کام عید قرباں سے کم از کم چار دن قبل کریں۔

٭مکسر، گرائنڈر کو استعمال سے قبل سوائے مشین کے تمام اجزا کو گرم پانی میں آدھا گھنٹہ رکھیں پانی میں نمک، سوڈا اور چٹکی بھر سرف شامل کردیں پھر اسفنج سے صاف کریں اور دھوکر خشک کرلیں اور کچھ بھی پیسنے سے پہلے اس میں پہلے نمک پیسیں تاکہ فائن ہوجائے۔

٭پیتل کے برتن جو اندر سے قلعی کیے ہوتے ہوں ان کو نوشادر کو اسفنج پر لگاکر صاف کریں اور نیم گرم پانی سے دھوکر خشک کرلیں۔ پیتل کے برتنوں میں پکا کھانا ذائقہ دار بھی ہوتا ہے اور آپ ان پر قلعی ہونے کی وجہ سے اسی برتن میں مہمانوں کے سامنے سرو کرسکتی ہیں۔

٭ چھری، کانٹوں، کڑھائی، فرائی پین، روسٹنگ پین غرضیکہ لوہے اور اسٹیل کی چیزوں کو دھوکر مکمل خشک کرکے رکھیں۔ لوہے کی کڑھائی اور پین وغیرہ کو راکھ اور دھان کا کھردرا اور سوکھا ہوا بھوسا لے کر اس سے اچھی طرح مانجھیں اور دھوکر خشک کرکے اس پر سرسوں کا یا میٹھا تیل لگاکر اخبار میں یا کسی بھی کاغذ میں لپیٹ کر رکھیں۔ استعمال کرتے وقت نیم گرم پانی سے دھولیں۔ اسٹیل کے چھری کانٹے دھوکر ٹشو پیپر یابراؤن پیپر میں لپیٹ کر رکھیں۔

٭نئے خریدے گئے شیشے، چینی، تام چینی، مٹی یہاں تک کہ پلاسٹک کے ڈنر سیٹ کو بھی اگر استعمال سے پہلے انھیں گرم پانی میں آدھے گھنٹے تک ڈبودیں تو یہ برتن مخصوص حرارت یا ٹھنڈک ملنے پر چٹختے یا خراب نہیں ہوتے۔

٭اگر المونیم کے برتن میں گوشت یا کوئی اور چیز جل کر چپک گئی ہے تو اسے دھونے کے لیے سالن نکال کر برتن میں آدھا جگ پانی ڈالیں اور ایک چھوٹی پیاز کے 4 ٹکڑے کرکے ڈال دیں۔ ابال آنے تک پانی کو گرم کریں۔ تھوڑی دیر میں برتن سے جلا ہوا تمام کھانا چھوٹ جائے گا۔ برتنوں کو چمکانے کے لیے دھان کا کھردرا سوکھا بھوسا لے کر اس سے برتن صاف کر چمک اٹھیںگے۔

٭ تانبے کے برتنوں کو نمک، سرکہ ملا کر صاف کریں۔ برتن خوب صاف ہوجائیں گے، عید قرباں کے موقع پر عموماً ان برتنوں کو استعمال کیا جاتا ہے لہٰذا استعمال سے پہلے اور بعد میں ان کی صفائی اور حفاظت ضروری ہے۔

٭عید قرباں پر بہت سی چیزیں مٹی کی ہانڈی میں بھی بنائی جاتی ہیں کیوںکہ اس میں پکے سالن کا جو مزاہے وہ کسی اور برتن میں نہیں۔ اگر آپ نے حال ہی میں مٹی کی ہانڈی خریدی ہے تو اسے استعمال سے قبل کم از کم دو دن اور دو راتوں کے لیے پانی سے بھرے برتن میں پانی بھر کر چھوڑدیں پھر اسے پانی سے نکال کر خشک کریں اور اس پر سرسوں یا میٹھا تیل خوب اچھی طرح سے اندر باہر لگادیں، دوسرے لفظوں میں پلادیں اور دو دن اور دو راتوں کے لیے ہانڈی کو رکھا چھوڑ دیںپھر نیم گرم پانی سے دھولیں۔ سب سے پہلے ہانڈی میں نمک والی چیز پکانے کے بجائے میٹھی چیز جیسے کھیر، گڑ والے چاول یا سادھے چاول ابالیں تو ہانڈی چٹخے گی نہیں جلدی ٹوٹے گی نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔