نیا پاکستان بنانے کے دعویدار پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں، شہبازشریف

ویب ڈیسک  پير 31 جولائ 2017
جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے والے سیاستدان قوم کو گمراہ نہیں کرسکتے۔شہبازشریف؛فوٹوفائل

جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے والے سیاستدان قوم کو گمراہ نہیں کرسکتے۔شہبازشریف؛فوٹوفائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویدار عناصر پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہباز شریف نے لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے والے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے، نیا پاکستان بنانے کے دعویدار یہ عناصر پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں ،سیاست دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کا نام ہے اور پاکستان مسلم لیگ نے یہ خدمت بہت اچھے طریقے سے انجام دی ہے ، لوگ اب بھی نواز شریف سے محبت کرتے ہیں جب کہ ہم پر بے بنیاد الزامات لگانے والے سیاستدانوں کو ہر الیکشن میں شکست ہوئی ہے اور آگے بھی ہوگی ۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عوامی خدمت سے عاری سیاستدان ملک وقوم کا وقت ضائع کررہے ہیں، شہبازشریف

شہباز شریف نے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا نیازی صاحب نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے ملکی ترقی کے خلاف سازش کی ، دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے پاکستان کئی سال پیچھے چلا گیا ہے ،تاہم باشعور عوام جھوٹ کے ماہر سیاستدان کی منفی سوچ اور انتشار پر مبنی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور انہیں اب مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا،قوم ایسے سیاسی عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔