چاکلیٹ کھائیے اور فالج بھگائیے

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اگست 2017
چاکلیٹ کھانے کے بہت سے فوائد میں سے ایک دل کی بہتری بھی ہے۔ فوٹو: فائل

چاکلیٹ کھانے کے بہت سے فوائد میں سے ایک دل کی بہتری بھی ہے۔ فوٹو: فائل

 لندن: ہفتے میں کم ازکم تین مرتبہ چاکلیٹ کھانے سے دل اور اس سے وابستہ شریانوں کی صحت بہتر رہتی ہے اور دل کی بے ترتیب دھڑکن کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

چاکلیٹ میں موجود مفید اجزا فلیوینولزدل اور پورے جسمانی شریانی نظام کو اچھی حالت میں رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ چاکلیٹ کھانے سے ایٹریئل فلبریشن (اے ایف) کا خطرہ کم ہوجاتا ہے جو فالج کی سب سے بڑی وجوہ میں سے ایک ہے۔  اگر کوئی ہفتے میں 3 سے 6 مرتبہ چاکلیٹ کھاتا ہے تو اس طرح مہینے میں ایک مرتبہ چاکلیٹ کھانے والے فرد کے مقابلے میں یہ خطرہ 20 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چاکلیٹ کا اہم عنصر کوکو فلیوینوئیڈز سے بھرپور ہوتا ہے۔

ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول آف پبلک ہیلتھ کی ڈاکٹر ایلزبتھ موسٹوفسکی کے مطابق دل کی تیز یا کم دھڑکن سانس میں کمی، تھکاوٹ اور غنودگی کی وجہ بنتی ہے اور مرد اس کے زیادہ شکار ہوتے ہیں اور اسے ایٹریئل فلبریشن کہا جاتا ہے۔ ماہرین نے ڈنمارک کے 55,502  افراد کا 13 سال سے زائد تک جائزہ لیا اور ان میں سے 3,346 اے ایف کے شکار ہوئے۔ ان میں خواتین اور مرد دونوں شامل تھے جن کی عمریں 50 سے 64 برس تھی۔

جن افراد نے ہفتے میں 28.35 گرام چاکلیٹ کھائی ان میں اے ایف کا خطرہ 17 فیصد کم نوٹ کیا گیا اور اس سے زیادہ چاکلیٹ کھانے والوں میں اے ایف کا خطرہ 20 فیصد تک کم دیکھا گیا۔ ماہرین کا اصرار ہے کہ معیاری چاکلیٹ ضرور کھائیں  جو اینٹی آکسیڈنٹس خواص رکھتی ہے، رگوں کو کشادہ رکھ کر سکون دیتی ہے اور جلن اور سوزش کم کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔