حکمران ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہے ہیں، شیخ رشید

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اگست 2017
نوازشریف کو فنی سیاسی خرابی کے باعث تین بار نکالا گیا، شیخ رشید. فوٹو: فائل

نوازشریف کو فنی سیاسی خرابی کے باعث تین بار نکالا گیا، شیخ رشید. فوٹو: فائل

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکمران انارکی پھیلانا چاہتے ہیں اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہے ہیں لیکن میں مر جاؤں گا لال حویلی میں کسی کو داخل نہیں ہونے دوں گا۔

لال حویلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پچھلے کئی روز سے (ن) لیگ کو کھٹک رہا ہوں، آج (ن) لیگ والوں نے لال حویلی پر حملہ کیا، سیکیورٹی 7 بجے گئی تو انہوں نے ساڑھے 7 بجے حملہ کر دیا، یہ وہی ہیں جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملے کیے تھے، عمران خان پر لفظی حملے ہو رہے ہیں اور مجھ پر ایسے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران انارکی پھیلانا چاہتے اور ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جا رہے ہیں، مر جاؤں گا لیکن لال حویلی میں کسی کو داخل نہیں ہونے دوں گا، میں خودکش سیاستدان ہوں اپنا تابوت کندھوں پر لیکر چلتا ہوں، اگر مارا جاؤں تو نواز شریف، شہباز شریف، کیپٹن صفدر اور عابد شیر علی ذمہ دار ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب کسی نے میرے ساتھ زیادتی کی تو میں بھی کال دوں گا، چند لوگ ہیں جنہوں نے ان چوروں سے مفاد حاصل کیے، وہ فضا خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں میں، ان چوروں اور ڈاکوؤں کے سامنے گردن نہیں جھکاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما سے زیادہ مشکل کیس نیب ریفرنس کا ہو گا، اب یہ چاہتے ہیں کہ ان کے ریفرنسز نہ کھیلیں اس لئے مکا مکا کرنا چاہتے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ ایک این آر او بن جائے اور جان بخشی ہو جائے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ نوازشریف کو فنی سیاسی خرابی کے باعث تین بار نکالا گیا، وہ اپنے غرور کی وجہ سے نااہل ہوئے ہیں، میں کہتا تھا کہ پپو پانچوں میں فیل ہو گا وہ ہو گیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے توانائی کے نام پر وزارت پیٹرولیم اپنے پاس رکھی ہے، اس ملک کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ وزیراعظم نے پیٹرولیم اور پلاننگ اپنے ہاتھ میں رکھی ہو، مجھے شک ہے کہ انہوں نے آئین سے زیادہ وزیر بنا دیئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔