فنی خرابی دور ہونے کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال

ویب ڈیسک  اتوار 6 اگست 2017

کراچی: فنی خرابی کے باعث متاثر ہونے والی انٹرنیٹ سروس ملک بھر میں بحال ہو گئی ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے جنرل منیجر عمران جنجوعہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے قریب زیر سمندر میں انٹرنیٹ کیبل میں آنے والی فنی خرابی ٹھیک کر لی گئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ فنی خرابی کوئی بڑی بات نہیں ہے اور اس سے نا صرف پاکستان متاثر ہوا لیکن خوش قسمتی کی بات ہے کہ کیبل میں کٹ جدہ کے قریب ساحلی علاقے پر لگا جس پر قابو پا لیا گیا۔

واضح رہے کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بھارت سے فرانس جانے والی آپٹیکل فائبر میں جدہ کے قریب سمندری تہہ میں تکنیکی خرابی پیدا ہونے سے پورے ملک کو ملنے والی بینڈوڈتھ میں کمی واقع ہو گئی تھی جس کے باعث انٹرنیٹ سروس شدید متاثر ہوئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔