’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ شائقین کے معیار پر پورا نہ اتر سکی

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اگست 2017
توقع کے خلاف فلم پہلے روز صرف15 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی؛فوٹوفائل

توقع کے خلاف فلم پہلے روز صرف15 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی؛فوٹوفائل

ممبئی: گزشتہ روز ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کے رومینٹک ہیرو شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی رومینٹک فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کو شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل موصول ہوا ہے، توقع کے خلاف فلم پہلے روز صرف15 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی۔

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کا انتظار شائقین طویل عرصے سے کررہے تھے، فلم کی کہانی ٹورسٹ گائیڈ (شاہ رخ خان)اور سیاح(انوشکا شرما) کے گرد گھومتی ہے، انوشکا اپنے منگیتر کے ساتھ یورپ میں شاہ رخ خان سے ملتی ہیں جو انہیں  یورپ کی سیر کرواتے ہیں ،سیر کے دوران انوشکا اپنی منگنی کی انگوٹھی کہیں کھویتی ہیں جسے ڈھونڈنے میں شاہ رخ خان ان کی مدد کرتے ہیں اور اسی دوران دونوں میں محبت ہوجاتی ہے،فلم کا اسکرپٹ اور کہانی روایتی محبت پر مبنی ہے جسے لوگ پہلے بھی پردے پر کئی بار دیکھ چکے ہیں جب کہ ادھیڑ عمر ہیرو کے ساتھ آدھی عمر کی ہیروئن والا فارمولا بھی کافی پرانا ہوچکا ہے یہ ہی وجہ ہے لوگوں نے زیادہ تعداد میں شاہ رخ ، انوشکا کا محبت بھرا سفر دیکھنے کیلئے سینما کا رخ نہیں کیا اور فلم باکس آفس پر زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، فلم ریلیز کے پہلے روز صرف 15 کروڑ 25 لاکھ کا ہی بزنس کرسکی۔

بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کو غیر متاثر کن قرار دیتے ہوئے لکھا، فلم میں اداکاروں کی پرفامرمنس اور لوکیشنز اچھی ہیں لیکن اسکرین پلے بورنگ ہے، اس کے علاوہ فلم میں غیر ضروری طور پر گانے شامل کیے گئے ہیں،جن سے کوفت ہوتی ہے۔

https://twitter.com/taran_adarsh/status/893372197808390144

ترن آدرش نے رواں سال بھارت میں ریلیز ہونے والی فلموں کے پہلے دن کی کمائی کا ریکارڈ بتاتے ہوئے لکھا اکشے کمار کی فلم جولی ایل ایل بی 2 پہلے دن13 کروڑ 20 لاکھ، جب ہیری میٹ سیجل15 کروڑ 25 لاکھ، رئیس20 کروڑ 42 لاکھ، ٹیوب لائٹ 21 کروڑ 15 لاکھ،باہو بلی41 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

دوسری جانب ایک اور فلمی تجزیہ نگار گریش جوہر نے فلم سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں امید کررہا تھا کہ فلم پہلے ویک اینڈ پر 60 کروڑ سے زائد کا بزنس کرے گی لیکن فلم توقع کے خلاف صرف 15 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی،90 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم کے سیٹلائٹ حقوق ریلیز سے قبل ہی 25 کروڑ میں فروخت ہوچکے تھے تاہم فلم کا پہلے دن کا بزنس اتنا شاندار نہیں رہا،فلم کو کامیاب ہونے کیلئے تقریباً 150 کروڑ کا بزنس کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ میں شاہ رخ، انوشکا کی جوڑی تیسری بار اپنی اداکاری کے جوہر دکھارہی ہے اس سے قبل یہ دونوں فلم ’’رب نے بنادی جوڑی‘‘ اور ’’جب تک ہے جان‘‘ میں نظر آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔