2018 میں میرا پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اگست 2017

چترال: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میرے پہلے اور عمران خان کے آخری الیکشن ہوں گے ۔

چترال میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ چترال کو اہمیت دی ،لاڑکانہ کے بعد چترال میرادوسراگھر ہے، چترال ذوالفقار علی بھٹو ، نصرت بھٹو اور بینظیر شہید کا بھی گھر تھا، گزشتہ دنوں نااہل وزیراعظم نے لواری ٹنل کاافتتاح کیا اور اپنے نام کی تختی لگائی، میاں صاحب کو تختیاں لگانےکا بہت شوق تھا لیکن تختیاں لگاتے لگاتے ان کا تختہ ہوگیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوازشریف کی منافقانہ سیاست کابھی خاتمہ ہوچکا ہے۔ وہ اس بات پر خوش نہ ہوں کہ نااہل ہوکر ان کی جان بچ گئی ہے، انہیں اپنے ہر ظلم اور قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہوگا۔ نواز شریف آئین کے جن آرٹیکلز پر نااہل ہوئے وہ ضیاءالحق نے آئین میں شامل کیےتھے۔ ہم نے بار بار کہا کہ یہ آرٹیکلز ایک آمر نے غیر آئینی طور پر آئین میں شامل کیے ہیں لیکن (ن) لیگ نے ان آرٹیکل کو بڑوں کی نشانی سمجھ کرسنبھال کر رکھا، نواز شریف تو ان آرٹیکلز کو مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن وہ خود اس کی زد میں آگئے۔ مسلم لیگ والے کہتے ہیں کہ ان سے غلطی ہوگئی ،اب ان سے غلطی ہوئی ہے تو بھگتیں۔

چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایک جانب نواز شریف ہیں اور دوسری طرف عمران خان، دونوں ایک سکے کے دو رخ ہیں۔ پہلے کو کام (ن)لیگ کیا کرتی تھی اب پی ٹی آئی کررہی ہے، خیبرپختونخوا کے ٹھیکوں سےعمران خان کا کچن اور جہانگیر ترین کا جہاز چل رہا ہے، کہاں ہے ان کا نیا خیبر پختونخوا، کیا تبدیلی لے آئے ہیں وہ۔ خیبر پختونخوا میں نوجوان بے روزگار بھٹک رہے ہیں۔ ان پر الزامات ہم نہیں ان ہی کے وزیر لگارہے ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ پڑھی لکھی خواتین تحریک انصاف چھوڑ کر جارہی ہیں، عمران خان نے 60 کروڑ روپے احتساب کمیشن پر خرچ کردیے لیکن کہاں ہے وہ احتساب کمیشن۔ وہ پورے ملک کی عوام سے جھوٹ بولتے ہیں، ان کی سیاست کا محور الزام لگانا اور گالی دینا ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے غلط بیان دیا ، اس پر اختلاف کیا جاسکتا تھا لیکن عمران خان ایک ریاست کے وزیراعظم کو جلسے میں گالی کیسے دے سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔