بھارتی ٹرین میں مسافروں کو چھپکلی بریانی کے بعد ’’کیڑا پکوڑا‘‘ پیش

ویب ڈیسک  اتوار 6 اگست 2017
مسافر نے ٹرین کی کینٹین سے پکوڑے منگوائے جس میں سے ایک کیڑا نکل آیا۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز

مسافر نے ٹرین کی کینٹین سے پکوڑے منگوائے جس میں سے ایک کیڑا نکل آیا۔ فوٹو: ہندوستان ٹائمز

نئی دہلی: بھارت میں گزشتہ ہفتے ٹرین میں مسافر کی بریانی سے چھپکلی نکل آئی تھی اور اب ایک مسافر کو ’’کیڑا پکوڑا‘‘ پیش کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے پیش آنے والے واقعے کے بعد بھارتی وزارت ریلوے حرکت میں آئی تھی اور کھانے کا معیار بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی تھی تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ بہار سمپرک کرانتی ایکسپریس میں سفر کرنے والے محمد آزاد علی نے شکایت کی کہ انہوں نے ٹرین کی کینٹین سے پکوڑے منگوائے تھے تاہم پکوڑے کے اندر سے ایک بڑا کیڑا برآمد ہوا جسے دیکھ کر ان کی حالت غیر ہو گئی کیوں کہ وہ کچھ پکوڑے اپنے 4 سالہ بیٹے کو کھلا چکے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں بیف پر پابندی لیکن چھپکلی بریانی دستیاب

مسافر نے اس بات کی شکایت کینٹین کے منیجر سے کی جس نے ان سے معذرت کی تاہم ان کے ساتھ موجود ایک مسافر نے ٹوئیٹر پر یہ واقعہ وزارت ریلوے کو بتا دیا جس کے بعد وزیر نے متعلقہ حکام کو واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا۔ اس کے بعد ہر اسٹیشن پر ریلوے کے بعض اہلکار آتے رہے اور محمد علی سے تفصیلات پوچھتے رہے۔ ٹرین جب لکھنو پہنچی تو ایک ڈاکٹر بھی آیا جس نے بچے کا طبی معائنہ کیا۔ محمد علی کا کہنا ہے کہ پکوڑے سے کیڑا نکلنے کے بعد ڈبے میں موجود کسی بھی مسافر نے ٹرین کا کھانا نہیں کھایا۔

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل بھارت کے آڈیٹر جنرل نے پارلیمنٹ کو یہ رپورٹ دی تھی کہ بھارت کی ٹرینوں میں مسافروں کو فراہم کیا جانے والا کھانا انتہائی مضر ہوتا ہے۔ ریلوے بورڈ کے چیئرمین اے کے متل بھی حال ہی میں اپنے بیان میں یہ کہہ چکے ہیں کہ مسافر اپنے گھر سے کھانا لائیں کیوں کہ معیار میں اس کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔