نئی کاروں کی فروخت میں گزشتہ ماہ 52 فیصد کا نمایاں اضافہ

بزنس رپورٹر  پير 11 فروری 2013
گزشتہ7 ماہ میں کاروں، ایل سی ویز، وین اور جیپوں کی فروخت 70 ہزار یونٹس رہی۔   فوٹو: فائل

گزشتہ7 ماہ میں کاروں، ایل سی ویز، وین اور جیپوں کی فروخت 70 ہزار یونٹس رہی۔ فوٹو: فائل

کراچی: سال 2013 کا آغاز مقامی آٹو انڈسٹری کے لیے خوش آئند ثابت ہوا۔

سال کے آغاز پر جنوری کے مہینے میں مقامی سطح پر تیار کاروں کی فروخت میں دسمبر 2012کے مقابلے میں 52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آٹو انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جنوری کے مہینے میں مقامی سطح پر تیار کاروں کی فروخت 12 ہزار 811 یونٹس رہی جو دسمبر کے مہینے میں 8448 یونٹس رہی تھی۔

فروخت میں اضافے کی اہم وجہ نئے سال کی رجسٹریشن کے حصول کے لیے جنوری کے مہینے میں کی جانے والی خریداری اور استعمال شدہ کاروں کی ایج لمٹ کم ہونے سے درآمدات میں کمی قرار دی جارہی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ (جولائی تاجنوری2013) کے دوران مقامی سطح پر تیار کاروں بشمول لائٹ کمرشل وہیکلز، وین اور جیپوں کی فروخت 70 ہزار 351 یونٹس رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 96 ہزار 927 کاریں فروخت کی گئی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔