ساؤتھ ایشین کراٹے ایونٹ میں پاکستانی میڈلز کی سلور جوبلی مکمل

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 6 اگست 2017
6 گولڈ،8 سلور اور11 برانزجیت لیے، 75 کے جی مقابلے میں سعدی کا پہلا نمبر۔ فوٹو؛ فائل

6 گولڈ،8 سلور اور11 برانزجیت لیے، 75 کے جی مقابلے میں سعدی کا پہلا نمبر۔ فوٹو؛ فائل

کراچی: پاکستان نے ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں میڈلزکی سلورجوبلی مکمل کرلی، ان 25 میڈلز میں6 گولڈ،8 سلور اور 11برانز میڈلز شامل ہیں۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان کے17کھلاڑیوں نے چارمختلف ایونٹس میں کامیابیاں حاصل کیں، ان میں کیڈٹ، جونیئر، انڈر 21 اور سینئرکیٹیگریز کے مقابلے شامل ہیں۔

چیمپئن شپ  کی سینئر کیٹیگری میں معروف انٹر نیشنل کھلاڑی سعدی عباس نے 75 کلوگرام  کے درجہ میں اول پوزیشن کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا، بازمحمد نے 84 کلو گرام میں کامیابی پاکر طلائی تمغہ اپنے نام کیا، نصیراحمد 67 کلو گرام میں گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستانی دستے میں شامل شہباز خان نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، انھوں نے 61 کلو گرام کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن پائی، ویمنز ایونٹ میں نرگس نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 کلوگرام کیٹیگری میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوایا، قبل ازیں نرگس نے ایک اور کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا تھا۔

چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے سلور میڈل حاصل کرنے والوں میں محمد اویس اور عبدالخالق بھی شامل ہیں، مزید برآں پاکستان کی مینز ٹیم نے کاتا میں بھی سلور میڈل جیتا، پاکستان کو کانسی کے تین تمغے ویمنز ٹیم کاتا، ویمن انفرادی کاتا اور انڈر 21 انفرادی کاتا میں  حاصل ہوئے، چیمپئن شپ کے لیے قومی دستہ میں 6 خواتین اور11 مردکراٹے کاز شریک ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔