اسٹیل اسکریپ کے نام پر کپڑے کی درآمد، 1.3 کروڑ کا ٹیکس چوری

احتشام مفتی  اتوار 6 اگست 2017
پہلے بھی ہیرا پھیری سے 93لاکھ کاٹیکس چوری کرچکا،ذرائع۔ فوٹو : فائل

پہلے بھی ہیرا پھیری سے 93لاکھ کاٹیکس چوری کرچکا،ذرائع۔ فوٹو : فائل

کراچی: پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ سے ری میلٹ ایبل اسٹیل اسکریپ کی آڑ میں کپڑے سمیت دیگر مصنوعات کی کلیئرنس کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی مخصوص ٹیم کی جانب سے ڈیٹا کے ایگزامینیشن کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ میسرز خرم اسٹیل کی جانب سے متحدہ عرب امارات سے دسمبر 2016 میں 5 کنسائمنٹس درآمد کیے گئے تھے۔

مذکورہ درآمدکنندہ نے کلیئرنگ ایجنٹ ودیگرکی باہمی ملی بھگت سے کلیئرنس کے لیے محکمہ کسٹمزمیں داخل کردہ گڈز ڈیکلریشن میں اسٹیل اسکریپ ظاہرکیا جبکہ مذکورہ کنسائمنٹ پولیسٹرفیبرک اور فین بیلٹ کا حامل تھا جس کی کسٹمز کلیئرنس بھی حاصل کی گئی لیکن اس بے قاعدگی کے ذریعے ریونیو کی مد میں قومی خزانے کو مجموعی طور پر 1کروڑ 30 لاکھ 36 ہزارروپے کا نقصان پہنچایا گیا تاہم حقیقت سامنے آنے کے بعد کسٹمز انٹیلی جنس نے باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ادھر ایف آئی آر میں درآمدکنندہ کی جانب سے محکمہ کسٹمزمیں داخل کی جانے والی 5 گڈز ڈیکلریشنز میں غلط بیانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیاکہ درآمدکنندہ کی جانب سے جی ڈی میں 138.90 میٹرک ٹن ری میلٹ ایبل اسٹیل اسکریپ ظاہر کیا گیا تھا لیکن ان پانچوں درآمدی کنسائمنٹس کے ذریعے مجموعی طورپر 11.77میٹرک ٹن فین بیلٹ اور 72.151 میٹرک ٹن پولیسٹر فیبرک کی کسٹمز کلیئرنس حاصل کی گئی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی مذکورہ درآمدکنندہ کمپنی کی جانب سے جبل علی دبئی سے106.64 ٹن وزن کے حامل آئرن واسٹیل ری میلٹ اسکریپ کے3 کنسائمنٹس درآمدکرکے پورٹ قاسم کسٹمزکلکٹریٹ کے گرین چینل کے توسط سے کلیئرنس حاصل کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ تینوں کنسائمنٹس میں بھی 46.306 میٹرک ٹن بھارتی کپڑا، 33500 موبائل فون چارجرز، 15000 کیلکولیٹرز، 2885 کاسمیٹک کٹس، 2200 ہیئر پریپریشن، 9879 ہیئر اسپرے موجود تھے جن کی منظم انداز میںکسٹمزکلیئرنس لیتے ہوئے ریونیو کی مد میںقومی خزانے کو مجموعی طورپر 93لاکھ روپے کانقصان پہنچایاگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔