سی پیک میں اسلام آباد اکنامک زون کیلیے جگہ کی نشاندہی

حسیب حنیف  اتوار 6 اگست 2017
120پلاٹ پرمشتمل،اسٹیل، فوڈ پروسیسنگ، فارما، ماربل ودیگرصنعتیں لگائی جائیں گی۔ فوٹو: فائل

120پلاٹ پرمشتمل،اسٹیل، فوڈ پروسیسنگ، فارما، ماربل ودیگرصنعتیں لگائی جائیں گی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت موٹر وے ایم 2 پر 300تا 500 ایکڑ رقبے پر اسلام آباد اسپیشل اکنامک زون بنائے گی۔

’’ایکسپریس‘‘ کو موصول دستاویز کے مطابق مذکورہ اقتصادی زون کی فزیبلیٹی حتمی مراحل میں ہے، وفاقی حکومت نے اس خصوصی اقتصادی زون کیلیے موٹروے ایم 2کے قریب تھلیاں کے مقام کا انتخاب کیا گیا ہے جس کے لیے 300 سے 500 ایکڑ اراضی مختص کی جائے گی جس میں 120کے قریب پلاٹ ڈیولپ کیے جائیں گے۔

سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ترجیحی طور پر ایسے مقامات کا انتخاب کیا جا رہا ہے جن تک رسائی آسان ہونے کے ساتھ قریبی علاقوں کے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں اور اقتصادی زون میں بجلی، گیس اور پانی سمیت دیگر مطلوبہ سہولتوں کی فراہمی میں بھی کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس خصوصی اقتصادی زون کو نیشنل انڈسٹریل پارک ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی ڈیولپ کرے گی، اس کے گرد و نواح میں زرعی علاقہ ہونے کے ساتھ لائیو اسٹاک اورسیاحتی مقامات بھی موجود ہیں جو اس کی اہمیت میں اور بھی اضافہ کرتے ہیں۔

دستاویز کے مطابق اسلام آباد اسپیشل اکنامک زون میں حکومت کی جانب سے اسٹیل اینڈ اسٹیل فیبری کیشن، فوڈ پروسیسنگ اینڈ بیوریجز، فارماسیوٹیکل اینڈ کیمیکلز، پرنٹنگ اینڈ پیکیجنگ، لائٹ انجینئرنگ، ماربل اینڈ گرینائٹ اور دیگر صنعتیں لگائی جائیں گی، اس مکس انڈسٹری کے باعث اسلام آباد کے اسپیشل اکنامک زون میں گردونواح کے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔